اسلام آباد۔12مئی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہاہے کہ پاکستان آذر بائیجان کے ساتھ اپنے خوشگوار برادرنہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان کو آذربائیجان کےساتھ اپنی سدا بہار دوستی پرفخر ہے،پاکستان اور آذربائیجان میں معاشی اور سماجی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے پاکستان میں تعینات آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف سے گفتگوکرتے ہوئے کیاجنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا اس موقع پرسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف نے کہاکہ پاکستان آذر بائیجان کے ساتھ اپنے خوشگوار برادرنہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پاکستان کو آذربائیجان کےساتھ اپنی سدا بہار دوستی پرفخر ہے۔
دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں مسلسل روابط کے فروغ سے پاکستان اور آذر بائیجان کے مابین تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے ہمسایہ اور خطہ میں تمام ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتاہے ۔پاکستان تمام تصفیہ طلب معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر آذربائیجان کی جانب سے عالمی اور علاقائی فورمز پر پاکستان کے موقف کی حمایت کوپاکستان قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
پاکستان اور آذربائیجان میں معاشی اور سماجی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ باکو یونیورسٹی میں شعبہ اردو کا قیام قابل ستائش ہے۔ باکو یونیورسٹی شعبہ اردو کے قیام سے دونوں ممالک کی نوجوان نسل کو ایک دوسرے کی زبان، ثقافت، اور کلچرل سے آراستہ ہونے کا موقع ملے گا۔پاکستانی یونیورسٹیوں میں آذر بائیجانی زبان اور اس کے بارے میں اسٹڈیز کے لیے شعبہ جات کا قیام دونوں ممالک کے عوام کو مزید قریب لائے گا۔توانائی کے شعبہ میں وسیع تر مواقع موجود ہیں جن میں تعاون کو بڑھایا جا سکتا ہے،
آذربائیجان میں منعقد ہونے والی پائیکو کانفرینس میں پاکستانی وفد بھرپور شرکت کرے گا۔پائیکو تنظیم ممبر ممالک کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ملاقات میں آذربائیجان کے سفیر نے راجہ پرویز اشرف کو اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہاکہ آذر بائیجان پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔دونوں ممالک کے مابین دوستی کا رشتہ ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہو رہا ہے، پاکستان اور اس کی پارلیمان کی نگورنو کاراباخ کے معاملہ پر حمایت پر شکر گزار ہیں ۔
سفیر آذربائیجان نے کہا کہ آذر بائیجان مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کی تائید کرتا اور اس مسئلے پر اپنی حمایت جاری رکھے گا،پاکستان کو اپنا سٹریٹیجک شراکت دار سمجھتے ہیں۔ مسلم اُمہ کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتےہیں ۔علاقائی تعاون کو بڑھانے سے خطہ میں ترقی اور خوشحالی آئے گی۔ دونوں ممالک میں تعلیم، توانائی اور دیگر متفرق شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجودہیں۔ ان شعبہ جات میں تعاون کو بڑھانے میں پاکستان میں آذر بائیجان کا سفارتخانہ اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔