پاکستان آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز ، قذافی سٹیڈیم میں جا ری آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن بھی پولیس کی طرف سے سکیورٹی کے سخت انتظامات

55

لاہور۔23مارچ (اے پی پی):پاکستان آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن بھی لاہور پولیس کی طرف سے سکیورٹی کے سخت انتظامات دیکھنے میں آئے۔یوم پاکستان کے موقع پر تعطیل کی وجہ سے شائقین کرکٹ نے بڑی تعداد میں سٹیڈیم کا رخ کیا۔سی سی پی او لاہور اییشنل آئی جی فیاض احمد دیو نے مسلسل تیسرے روز ٹیموں کے روٹ،خصوصی ناکوں اور قذافی سٹیڈیم کا اچانک دورہ کرکے تعینات پولیس افسران اور اہلکاروں کی ڈیوٹی چیک کی۔

سربراہ لاہور پولیس نے قذافی سٹیڈیم میں مختلف مقامات پر ٹیسٹ میچ کے سکیورٹی انتظامات بھی چیک کئے۔سی سی پی او لاہور نے داخلی گیٹس پر شہریوں کی چیکنگ کے عمل اور کنٹرول سنٹر کا جائزہ لیا۔ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر عابدخان اور سی ٹی او منتظر مہدی نے سی سی پی او کو سکیورٹی و ٹریفک انتظامات بارے بریفنگ دی۔ فیاض احمد دیو نے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار اور تعینات نفری کو مزید الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہاکہ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی پر خوشی ہے،لاہور پولیس تمام حساس اور اہم ایونٹس کا پرامن انعقاد یقینی بنارہی ہے۔سی سی پی او لاہور نے مزید کہا کہ ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں،شائقین کرکٹ اور شہریوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کر رہے ہیں،کرکٹ سیریز کی سکیورٹی پر مجموعی طور پر آٹھ ہزار سے زائد پولیس افسران،اہلکار اور لیڈی کانسٹیبلز تعینات ہیں۔

فیاض احمد دیو نے کہا کہ لاہور پولیس آسٹریلیا ٹور کے لاہور میں تمام شیڈول میچز کو بھرپور سکیورٹی فراہم کر رہی ہے،ڈولفن سکواڈ،پیرو اور ایلیٹ ٹیموں کی پٹرولنگ بڑھا دی گئی ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ سینئر پولیس افسران سکیورٹی و ٹریفک انتظامات کا مسلسل جائزہ لیتے رہیں،پولیس افسران اور جوان الرٹ رہیں،شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں،سی سی ٹی وی کیمروں سے ٹیموں کی قیام گاہ،روٹ اور سٹیڈیم کے گردو نواح میں مانیٹرنگ جاری ہے۔