پاکستان آسیان ممالک کے ساتھ شراکت داری کو بلندیوں کی نئی سطح تک لے جانے کیلئے پرعزم ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی آسیان کے قیام کے 53 سال مکمل ہونے پر پاکستانی حکومت اور عوام کی طرف سے تنظیم کے رکن ممالک کو مبارکباد

260

اسلام آباد ۔ 8 اگست (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آسیان کی 53 ویںسالگرہ کے موقع پر پاکستانی حکومت اور عوام کی طرف سے تنظیم کے رکن ممالک کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان آسیان ممالک کے ساتھ شراکت داری کو بلندیوں کی نئی سطح پر لے جانے کیلئے پرعزم ہے۔پاکستان اپنی ”ویژن ایسٹ ایشیائ” پالیسی کے تحت آسیان اور اس کے رکن ملکوں کے ساتھ سیاسی ، معاشی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کرتا رہے گا۔ آسیان کی 53 ویںسالگرہ کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ 8 اگست 1967 کا وہ تاریخی دن ہے جب پانچ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک نے تعاون ، اتحاد اور عدم مداخلت کے اصولوں کی بنیاد پر مشترکہ پلیٹ فارم تشکیل دیا تھا۔ آج آسیان دس ممبران پر مشتمل متحرک تنظیم ہے ، ان رکن ملکوں کا رقبہ 4.4 ملین مربع کلومیٹر 649 ملین سے زیادہ آبادی ، اور جی ڈی پی 2.9 ٹریلین امریکی ڈالر سے زیادہ ہے۔ آسیان کمیونٹی ویژن 2025 ،جو آسیان کے سیاسی تحفظ ، اقتصادی اور سماجی و ثقافتی اجزاء پر مشتمل ہے ، خطے کے عوام اور معیشتوں کی بے پناہ صلاحیتوں کو مزید متحد ، ہم آہنگی اور استحکام کے لئے اہم۔پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ اس عمدہ کاوش اور مقصد کے حصول میں ہم آسیان اور اس کے ارکان کی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں۔وزیر خارجہ نے کووڈ 19 وبا سے موثر انداز میں نمٹنے پر آسیان کے رکن ملکوں کی تعریف کی اور کہا کہ یہ بے مثال بحران پوری انسانیت کی عظیم تر بھلائی کے لئے تعاون کو مزید مضبوط و مستحکم کرنے کا متقاضی ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے آسیان کے تمام ممالک کے ساتھ قریبی اور دوستانہ تعلقات ہیں۔ ہمارے تاریخی اور گہرے تعلقات گندھارا تہذیب کے زمانے میں قائم چلے آ رہے ہیں۔ یہ پائیدار تعلقات آج سیکٹورل ڈائیلاگ پارٹنر اور آسیان علاقائی فورم (اے آر ایف) کے ایک سرگرم رکن کی حیثیت سے پاکستان کی آسیان کے ساتھ وابستگی کا عکاس ہے۔ ہم آسیان کے ساتھ اپنی شراکت کو اعلی سطح پر لے جانے کے لئے پرعزم ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اپنی ”ویژن ایسٹ ایشیائ”’ پالیسی کے تحت آسیان اور اس کے رکن ملکوں کے ساتھ سیاسی ، معاشی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کرتا رہے گا۔