اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):پاکستان – ازبکستان باہمی سیاسی مشاورت کا افتتاحی ورچوئل مرحلہ جمعہ کو منعقد ہوا۔پاکستا نی وفد کی قیادت ایڈیشنل سکریٹری (افغانستان اور مغربی ایشیاء)عمار آفتاب قریشی جبکہ ازبکستان کے نائب وزیر خارجہ فرکات صدیکوف ازبک وفد کی قیادت کی ۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق فریقین نے سیاسی ، معاشی، تجارتی ، ثقافتی ، علاقائی رابطوں ، دفاع اور سلامتی اور علاقائی و عالمی صورتحال سمیت دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔
فریقین نے ازبک وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان اور وزیر اعظم عمران خان اور صدر شوکت میرزیوئیف کے مابین ورچوئل سربراہی اجلاس میں شرکت سمیت اعلی سطح پر وفود کے تبادلوں اور رابطوں میں اضافے پر اطمینان کا اظہار اور اعلی سطح کے تبادلوں کو جاری رکھنے اور متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ فریقین نے پاکستان ، ازبکستان اور افغانستان کے مابین ٹرانس افغان ریلوے منصوبے پر پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا۔
ایڈیشنل سکریٹری آفتاب قریشی نے تجارت ، سیاحت اور دونوں ملکوں کے عوام کے مابین رابطوں کو فروغ دینے کے لئے براہ راست فضائی رابطے کی اہمیت پر زور دیا اورتاشقند سے لاہور کیلئے ازبک ایئر کی پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا خیرمقدم کیا۔
ایڈیشنل سکریٹری آفتاب قریشی نے جامع اور وسیع البنیاد سیاسی تصفیہ کو فروغ دینے کی غرض سے افغان امن عمل میں پاکستان کی مثبت کوششوں کو اجاگر کیا۔ ایڈیشنل سکریٹری آفتاب قریشی نے 5 اگست 2019 کے بعد مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی صورتحال اور کشمیری عوام کی وہاں جاری انسانی حقوق کی ل پامالیوں اور مقبوضہ علاقے کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی کوششوں کو بھی اجاگر کیا۔
ایڈیشنل سکریٹری قریشی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے حل کی اہمیت پر زور دیا۔