پاکستان-ازبکستان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا تیسرا دور ، خطے میں امن، استحکام اور ترقی کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کا اعادہ

94
پاکستان-ازبکستان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا تیسرا دور ، خطے میں امن، استحکام اور ترقی کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کا اعادہ

اسلام آباد۔6فروری (اے پی پی):پاکستان اور ازبکستان نے دوطرفہ سیاسی مشاورت کے تیسرے دور کا انعقاد کیا اور خطے میں امن، استحکام اور ترقی کو فروغ دینے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بین الاقوامی اور علاقائی پلیٹ فارمز کے ذریعے تعاون بہتر بنانے پر زور دیا ہے۔

جمعرات کو وزارت خارجہ امور کی طرف سے جاری پریس ریلیز میں ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ 5 فروری 2025ء کو تاشقند (ازبکستان) میں پاکستان -ازبکستان دو طرفہ سیاسی مشاورت (بی پی سی) کے تیسرے دور کا انعقاد کیا گیا۔پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ سید علی اسد گیلانی کر رہے تھے جبکہ ازبک وفد کی قیادت خارجہ امور کے اول نائب وزیر خارجہ مسٹر الوئیف باخرم جون جورابویوچ نے کی۔

فریقین نے سیاسی اور بین الپارلیمانی تعلقات کے ساتھ ساتھ معیشت، توانائی، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون سمیت وسیع پیمانے پر دو طرفہ تعاون کا جائزہ لیا۔ مشاورت کے دوران اہم علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے خطے میں امن، استحکام اور ترقی کو فروغ دینے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔

بین الاقوامی اور علاقائی پلیٹ فارمز کے ذریعے بہتر تعاون پر زور دیا گیا۔ دو طرفہ تعلقات کی بلندی کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فریقین نے اس رفتار کو برقرار رکھنے اور باہمی مفادات کے تمام امور پر قریبی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا اگلا دور باہمی طور پر طے شدہ تاریخوں پر پاکستان میں ہوگا۔