پاکستان اسرائیل کو ریاست نہیں، دہشت گرد تنظیم کے طور پر تسلیم کرتا ہے، غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت ایک عظیم انسانی المیہ ہے، سردار ایاز صادق

3
Sardar Ayaz Sadiq
Sardar Ayaz Sadiq

اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے غزہ میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اسرائیل کو ریاست نہیں بلکہ دہشت گرد تنظیم کے طور پر تسلیم کرتا ہے، غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت ایک عظیم انسانی المیہ ہے، اسرائیلی حملوں میں پچاس ہزار سے زائد انسانی جانوں کا ضیاع ہر پاکستانی کے لیے دلخراش سانحہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں فلسطین کے سفیر ڈاکٹر زوہیر زید سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں ان سے ملاقات کی۔

اس موقع پر سپیکر ایاز صادق کا کہنا تھا کہ غزہ میں معصوم بچوں کی مسلسل شہادتیں عالمی ضمیر کے لیے ایک کڑا امتحان ہیں، اسرائیل کی جانب سے غزہ کیلئے امدادی سامان کی فراہمی روکنا خوراک کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کے مترادف ہے، پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں کی ہر سطح پر اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا ایران پر حملہ بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے جو خطے اور دنیا کے امن کے لیے شدید خطرہ ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نےایران اور اسرائیل کے مابین جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو اس وقت جنگوں کی نہیں، امن کی ضرورت ہے، پاکستان نے خطے میں ہمیشہ امن کو فروغ دینے کیلئے کردار ادا کیا ہے، پاکستان نے بھارتی جارحیت کا موثر اور منہ توڑ جواب دیا ہے، پاکستان اور بھارت جنگ میں بھارت-اسرائیل گٹھ جوڑ واضح ہو گیا۔فلسطینی سفیر نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ فلسطین کے موقف کی غیر متزلزل حمایت کی ہے جس پر ہم تہہ دل سے شکر گزار ہیں،

غزہ کے مظلوم عوام پاکستان کے عوام کی ہمدردی اور یکجہتی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ہمیں فخر ہے کہ پاکستان ہمارے ساتھ ہے، ہمیں امید ہے کہ پاکستان عالمی فورمز پر فلسطین کے حق میں آواز بلند کرتا رہے گا، اس وقت فلسطین کو انسانی امداد، سفارتی اور بین الاقوامی حمایت کی ضرورت ہے، پاکستان اور فلسطین کے مابین برادرانہ تعلقات دونوں اقوام کی تاریخی قربت کا ثبوت ہیں جنہیں مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔