کراچی ۔ 12 اگست (اے پی پی) پاکستان اسٹاک ایکسچینج تاریخ میں پہلی بار 40 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں تیزی کا تسلسل برقرار رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس مزید 46.04 پوائنٹس کے اضافے سے تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 39907.64 پوائنٹس پر بند ہوا مگر ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس نے 40000 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی عبور کرلی۔ مارکیٹ سرمایہ میں17 ارب 77 کروڑ 6 لاکھ 27 ہزار 938 روپے کا اضافہ ہوا تاہم خرید و فروخت میں 10 کروڑ 74 لاکھ 40 ہزار 780 حصص کی مندی رہی جبکہ تجارتی حجم میں بھی 1 ارب 19 کروڑ 3 لاکھ 2 ہزار 745 روپے کی کمی رونماءہوئی۔ تفصیلات کے مطابق پیر تا جمعہ کے ایس ای 100 انڈیکس میں مجوعی طور پر 517.43 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی جبکہ کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو بھی پی ایس ایکس میں تیزی کا رجحان برقرار رہا اور 100 انڈیکس مزید 46.04 پوائنٹس کے اضافے سے 39907.64 پوائنٹس پر بند ہوا۔