ملتان۔ 31 اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت مشکل سیلابی صورتحال سے دوچار ہے،غم کی اس گھڑی میں متاثرین کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو سرکٹ ہاؤس ملتان میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کے سینئر عہدیداروں سے ملاقات کے دوران کیا۔
سجادہ نشیں درگاہ موسیٰ پاک شہید سید ابوالحسن گیلانی ،سید مجتبیٰ گیلانی اور صدر انجمن اسلامیہ سید عمران حسن گیلانی بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملتان میں اانجمن اسلامیہ کی فلاحی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انجمن اسلامیہ کی ملتان اور جنوبی پنجاب کے لوگوں کےلئے فلاحی اور علمی حوالے سے خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔اس حوالے سے یہاں بہترین پلیٹ فارم مہیا کئے گئے۔
عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ ولسلم کے موقع پر ہر سال جو انتظامات کئے جاتے ہیں وہ لوگوں کی ترجمانی کرتے ہیں۔چئیرمین سینٹ نے مزید کہا کہ گیلانی لاء کالج تعلیمی اعتبار سے ایک بہترین درسگاہ ہے۔اس درسگاہ کے 10 پی ایچ ڈی سکالر اس وقت موجود ہیں جو ایک اعزاز ہے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے حالیہ پاک بھارت جنگ میں پاکستانی میڈیا کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ صحافیوں نے قومی یکجہتی کےلئے ہمیشہ ایک مثبت کردار ادا کیا جو قابل تعریف یے۔اس سے قبل پی ایف یو جے کے صدر رانا عظیم نے ملک بھر سے آئے ہوئے سینئر عہدیداروں، کے ہمراہ چیئرمین سینٹ سے ملاقات کی اور پیکا ایکٹ کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔آخر میں پاکستان بھر کے سیلاب متاثرین اور سید تنویر حسن گیلانی کی روح کے ایصال ثواب کےلئے دعا کرائی گئی۔