اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):پاکستان افغانستان کوآپریشن فورم نے جمعہ کو افغانستان کے صوبہ پکتیکا کے زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سامان کے 3 ٹرک روانہ کر دیئے ۔
الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام امدادی سامان میں متاثرہ خاندانوں کے لئے راشن کے تھیلے، ترپالیں، کمبل، خیمے، ادویات اور موسم سرما کا پیکج شامل ہے۔امدادی سامان انگور اڈہ بارڈر پر افغان حکام کے حوالے کیا گیا ،امدادی سامان کمانڈر مولوی ساجد نے وصول کیا۔
الخدمت فاؤنڈیشن کے طبی عملہ سمیت پانچ رکنی رضاکار ٹیم بھی امدادی قافلے کے ساتھ روانہ ہوئی ہے جو زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں شرکت کرے گی۔پی اے سی ایف نے جمعرات کو بھی افغان زلزلہ متاثرین کیلئے 250 ٹن فوڈ پیکج پر مشتمل امدادی سامان کے 30 ٹرک روانہ کئے تھے جو کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کی طرف سے عطیہ کیے گئے تھے۔
فورم نے بدھ کو الہدی انٹرنیشنل کی جانب سے زلزلہ زدگان کے لیے 24.5 ٹن خوراک کے دو ٹرک روانہ کیے تھے۔افغان صوبہ پکتیکا میں آنے والے زلزلہ سے کم سے کم ایک ہزار افراد ہلاک اور 3 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں جبکہ سینکڑوں مکانات تباہ ہو چکے ہیں۔ زلزلے کے بعد افغانستان کی طالبان حکومت نے صورتحال سے نمٹنے کے لیے مزید بین الاقوامی امداد کی اپیل کی تھی۔