پاکستان اقتصادی تحفظ کا حامل ملک بننے جا رہا ہے، ڈاکٹر معید یوسف

52
پاکستان کو مختلف قسم کے چیلنجز کا سامنا ہے تا ہم موجودہ حکومت ان سے نمٹنے کے لئے خاطر خواہ اقدامات کر رہی ہے،معاون خصوصی وزیراعظم برائے قومی سلامتی ڈاکٹرمعید یوسف
پاکستان کو مختلف قسم کے چیلنجز کا سامنا ہے تا ہم موجودہ حکومت ان سے نمٹنے کے لئے خاطر خواہ اقدامات کر رہی ہے،معاون خصوصی وزیراعظم برائے قومی سلامتی ڈاکٹرمعید یوسف

اسلام آباد۔3جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان کی جیو اکنامک پوزیشن بہترین ہے اور پاکستان اقتصادی تحفظ کا حامل ملک بننے جا رہا ہے، موجودہ حالات میں ہر ملک اپنے مفادات کو دیکھتا ہے، پاکستان بھی اپنے مفاد کو سامنے رکھ کر دنیا کے سامنے کھل کر اپنا بیانیہ پیش کرے گا، چین کی طرح امریکہ بھی پاکستان میں آ کر سرمایہ کاری کرے تو اس کا بھی خیرمقدم کریں گے۔ اتوار کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سول اور عسکری قیادت مل کر کام کر رہی ہیں، پاکستان اقتصادی تحفظ کا حامل ملک بننے جا رہا ہے، اقتصادی تحفظ سے عسکری اور ہیومن سیکیورٹی مزید مضبوط ہو گی۔ ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی تمام تر پالیسیوں کا مرکز اقتصادی تحفظ ہے، پاکستان کی جیو اکنامک پوزیشن بہترین ہے اور ہمیں دنیا سے ڈویلپمنٹ پارٹنرشپس کی بات کرنی چاہیے، پاکستان سی پیک کے ذریعے افغانستان سمیت وسطی ایشیائی ممالک تک راہداری کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کی ناقص خارجہ پالیسی کی وجہ سے دنیا نے پاکستان کے ساتھ بہت زیادتی کی اور ہماری کمزوریوں کا فائدہ اٹھایا تاہم موجودہ حکومت کی متحرک خارجہ پالیسی ہے، کسی کو پسند آئے یا نہ آئے پاکستان کھل کر دنیا کے سامنے اپنا موقف پیش کرے گا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان ایٹمی ملک ہے اور یہاں دنیا کیلئے ایک بڑی مارکیٹ ہے، پاکستان دنیا کو اقتصادی بنیادیں مہیا کرے گا، چین کی طرح امریکہ کو بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، وزیراعظم عمران خان کی واضح ہدایات ہیں کہ ہمیں تمام ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر رکھنے چاہییں لیکن بھارت کی حرکات کی وجہ سے اس کے ساتھ تعلقات میں بہتری دکھائی نہیں دے رہی، پاکستان چاہتا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل انصاف کی بنیاد پر ہو جس کے بعد بھارت سے مذاکرات کے بارے سوچیں گے۔ ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ بدقسمتی سے اپوزیشن جماعتیں سیاست کے نام پر قومی اداروں کو نشانہ بنا رہی ہیں، بھارت ہمیشہ پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف رہتا ہے اور وہ موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جارحیت کر سکتا ہے، اگر بھارت نے کوئی حرکت کی تو مسلح افواج پاکستان اسے منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ موجودہ حکومت کا کوئی اہلکار اسرائیل نہیں گیا، وزیراعظم عمران خان کا دو ٹوک موقف ہے کہ پاکستان کسی صورت میں اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا۔