1973کا آئین وفاق پاکستان اور قومی اتحاد کی درخشندہ علامت ہے، وزیراعظم کا یومِ دستور کے موقع پر پیغام

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 1973کا آئین وفاق پاکستان اور قومی اتحاد کی درخشندہ علامت ہے،تمام ریاستی اکائیاں قومی یگانگت اور مجموعی معاشی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا آئینی کردار خوش اسلوبی سے سر انجام دے رہی ہیں،پاکستان اقوام عالم میں اپنا سر فخر سے بلند کئےترقی و خوشحالی کا سفر جاری رکھے گا۔

اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 1973کا آئین وفاق پاکستان اور قومی اتحاد کی درخشندہ علامت ہے،تمام ریاستی اکائیاں قومی یگانگت اور مجموعی معاشی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا آئینی کردار خوش اسلوبی سے سر انجام دے رہی ہیں،پاکستان اقوام عالم میں اپنا سر فخر سے بلند کئےترقی و خوشحالی کا سفر جاری رکھے گا۔

جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے یومِ دستور( 10 اپریل )کے موقع پر جاری پیغام میں وزیراعظم نے کہا آج ہم آئین اسلامی جمہوریہ پاکستان کی منظوری کا دن قومی جذبہ سے منا رہے ہیں، ہم دستور کے معماروں کو خصوصی خراج تحسین پیش کرتے ہیں، آئین عوام اور ریاست کے مابین مقدس معاہدے کا نام ہے جو دونوں کے حقوق و فرائض کا قانونی، اخلاقی اور انتظامی تعین کرتا ہے۔ 10 اپریل 1973 کو منظور کیے گئے متفقہ آئین پاکستان نے ملک میں پارلیمانی جمہوری نظام حکومت اور ریاست پاکستان کے مضبوط ادراجاتی ڈھانچے کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ 1973کا آئین پاکستان تمام شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا محافظ ہے، یہ آئینی دستاویز نہ صرف بنیادی انسانی حقوق کو تفصیل سے بیان کرتی ہے بلکہ ان کی فراہمی کے لئے قانونی لائحہ عمل کو بھی یقینی بناتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1973کا آئین وفاق پاکستان اور قومی اتحاد کی درخشندہ علامت ہے وفاق پاکستان کی تمام ریاستی اکائیاں قومی یگانگت اور مجموعی معاشی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا آئینی کردار خوش اسلوبی سے سر انجام دے رہی ہیں اور تابندہ مستقبل کے لئے کام کرنے کے لئے پر عزم ہیں، یہی قابل رشک اتفاق ملک خداداد پر اللہ بزرگ و برتر کے فضل و کرم کا عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو جس عزت واکرام سے نوازا ہے اس کے لئے ہم اس کے آگے سر بسجود ہیں،پاکستان اقوام عالم میں اپنا سر فخر سے بلند کئے ہوئے اپنی ترقی و خوشحالی کا سفر ان شاءاللہ جاری رکھے گا۔