پاکستان اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم کرتا ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف

119

اسلام آباد۔12جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی”۔امتیازی سلوک، دشمنی یا تشدد پر اکسا نے کی حامل مذہبی منافرت کے سدباب کے عنوان سے قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم کرتا ہے۔

بدھ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہاکہ ہم اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے تمام ممبر ممالک کے مشکور ہیں جنہوں نے او آئی سی کی جانب سے پاکستان کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد کی حمایت کی۔انہوں نے کہا کہ سویڈن میں قرآن پاک کی سرعام بے حرمتی جیسے واقعات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا،تمام مذہبی علامتیں، مقدس شخصیات اور آسمانی کتابیں تمام عقائد کے پیروکاروں کے لئے یکساں مقدس ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آزادی اظہار کے نام پر قرآن پاک کو جلانے جیسے گھناؤنے کاموں میں ملوث افراد کو سرعام بے نقاب کیا جانا چاہئے۔وزیر اعظم نے کہا کہ مذہبی رواداری، تکثیریت اور تمام عقائد کے احترام کیمشترکہ اقدار کے تحفظ کے عزم پر اتفاق رائے سے انسانیت کی بہتر خدمت ہوتی ہے۔