پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے حمایت جاری رکھے گا، ترجمان دفتر خارجہ

196
Foreign Office
Foreign Office

اسلام آباد۔7اگست (اے پی پی):پاکستان نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے پیر کو پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستانی قوم نے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے چار سال مکمل ہونے کے موقع پر 5 اگست کو مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت نے 2019 کے بعد اپنے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لیے کئی اقدامات کئے ہیں اور کشمیری عوام پر مظالم کا سلسلہ تیز کیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت نے انتخابی حلقوں کی منتخب حد بندی کی ہے، لاکھوں غیر کشمیریوں کو جعلی ڈومیسائل جاری کیے ہیں اور موجودہ انتخابی فہرستوں میں ردوبدل کے لیے لاکھوں عارضی رہائشیوں کو شامل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو حق رائے دہی سے محروم کرنا اور انہیں اپنی ہی سرزمین میں چوتھے جنیوا کنونشن کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک بے اختیار اقلیت میں تبدیل کرنا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی زیر نگرانی رائے شماری میں اپنے مستقبل کا خود تعین کرنے کا حق ہے جس کا حق انہیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں دیا گیا ہے۔