مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی تیزی سے بگڑتی صورتحال سے علاقائی امن و سلامتی پر سنگین اثرات مرتب ہو رہے ہیں، پاکستان اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیر کا تنازعہ پر طریقے سے حل کرنے کیلئے پر عزم ہے، ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد۔ 4 اگست(اے پی پی)پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے عوام کے خلاف بھارت کی مسلسل ریاستی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی تیزی سے بگڑتی صورتحال سے علاقائی امن و سلامتی پر سنگین اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔پاکستان اقوام متحدہ کے قرار دادوں کے مطابق کشمیر کا تنازعہ پرامن طریقے سے حل کرنے کیلئے پر عزم ہے۔جمعہ کو دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق گزشتہ چند دنوں کے دوران بھارتی قابض فورسز نے حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے والے مزید بےگناہ کشمیریوں کو شہید اور متعدد کو زخمی کر دیا۔بھارتی فورسز نے وحشت و درندگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولی چلائی اور پیلٹ گنز کا ستعمال کیا جبکہ پلوامہ ہسپتال اور ویمن کالج سری نگر پر حملہ کیا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی اور جارحیت کے باوجود کشمیری عوام حق خودارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال سے علاقائی امن و سلامتی پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان کشمیر کا تنازعہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے قراردادوں کے مطابق پر امن حل کرنے کیلئے پر عزم ہے۔پاکستان کشمیریوں کی سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔