پاکستان الجیریاکے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مضبوط کرنے کا خواہاں ہے، سید یوسف رضا گیلانی

127
حکومت ٹیکسٹائل انڈسٹری کی بہتری کیلئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے،۔سید یوسف رضا گیلانی
حکومت ٹیکسٹائل انڈسٹری کی بہتری کیلئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے،۔سید یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد۔19جولائی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان الجیریاکے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مضبوط کرنے کا خواہاں ہے، پاکستان دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کے لئے مختلف شعبوں میں الجیریاکی کمپنیوں کے ساتھ مختلف منصوبوں اور سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرے گا۔

سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں تعینات الجیریا کے سفیربراہیم رومانی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس میں ان سے ملاقات کی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور الجیریا کے مابین برادرانہ اور بہترین تعلقات قائم ہیں، پاکستان الجیریا کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ،پاکستان 1962 میں الجیریا کی آزادی کے بعد سفارتی تعلقات قائم کرنے والے اولین ممالک میں سے ایک تھا، دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کے موقف کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ و دیگر بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کے لئے الجیریا کی حمایت کو سراہتے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان الجیریاکے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مضبوط کرنے کا خواہاں ہے، دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی،تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے، پاکستان دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کے لئے مختلف شعبوں میں الجیریاکی کمپنیوں کے ساتھ مختلف شعبوں، منصوبوں، سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرے گا، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی وفود کے تبادلوں کی بھی ضرورت ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان دنیا کے بہترین قسم کے چاول پیدا کر رہا ہے ،الجیریا پاکستان سے چاول درآمد کرنے پر غور کر سکتا ہے، دوا سازی کے شعبے میں سرمایہ کاری اور معاونت کے وسیع مواقع موجود ہیں، آئی ٹی کے شعبے میں الجیریا کے ساتھ تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے، فری لانسنگ خدمات فراہم کرنے والے ممالک میں پاکستان دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے، الجیریا پاکستان کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون پر غور کر سکتا ہے، پاکستان میں اعلیٰ معیار کے فٹ بال تیار کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر 1948 سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے اور علاقائی امن کے قیام کے لئے اس کا حل ضروری ہے، بھارت کے5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ ظالمانہ اقدام اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کا قیام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازعہ کے پرامن حل پر ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان مظلوم فلسطینیوں اور کشمیریوں کی ہمیشہ حمایت جاری رکھے گا۔

چیئرمین سینیٹ نے الجیریا کی سیاسی و پارلیمانی قیادت کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے الجیریا کی پارلیمنٹ میں اپنے ہم منصب کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ سید یوسف رضا گیلانی نے سفیر الجیریا کو ملتان کا دورہ کرنے اور مقامی سطح پر تجارتی چیمبرز اور صنعت کاروں سے رابطہ کاری بڑھانے پر زور دیا۔اس موقع پر سفیر الجیریا براہیم رومانی نے کہا کہ الجیریا پاکستان کے ساتھ باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہشمند ہے، پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھایا جائے گا، پاکستان مسلم دنیا کا پہلا اٹیمی قوت رکھنے والا ملک ہے جس پر الجیریا کو بھی فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ الجیریا قدرتی وسائل سے مالا مال ہے ،تیل و گیس کے وسیع ذخائر موجود ہیں، یوکرین کی جنگ اور خطے کی بدلتی صورتحال نے الجیریا کوتیل، گیس اور ایل این جی کے حوالے سے ایک نئی مارکیٹ بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الجیریا اور پاکستان کے درمیان سلامتی کونسل کی سطح پر بھی بہترین معاونت پائی جاتی ہے ،دونوں نے رکنیت کے لئے ایک دوسرے کی حمایت کی ہے۔ سفیر الجیریا براہیم رومانی نے کہا کہ سلامتی کونسل کی سطح پر معاونت مختلف مسائل پر ایک دوسرے کی حمایت میں مددگار ثابت ہوگی، الجیریا کے کاروباری و تجارتی وفود جلد پاکستان کا دورہ کریں گے، ویزوں کے اجراء میں تیزی لائی گئی ہے، دونوں ممالک کے مابین تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے، پاکستان اور الجیریا خطے کی ترقی کا مشترکہ وژن رکھتے ہیں، سرمایہ کاری و تجارت کے لئے سازگار ماحول بنانا انتہائی ضروری ہے۔