اسلام آباد ۔ 4 اکتوبر (اے پی پی) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے فیصلہ کیا ہے کہ بھارتی چینلز اور بھارتی مواد دکھائے جانے پر بِنا اظہارِ وجوہ نوٹس اور سماعت/شنوائی کا موقع فراہم کئے بغیر کمپنی کا لائسنس فوری طور پر معطل یا منسوخ کیا جائے گا۔ ایک پریس ریلیز کے مطابق پیمرا نے یہ فیصلہ 15 اکتوبر 2016ءکی اعلان شدہ ڈیڈ لائن کے تناظر میں کیا ہے جس کے گزرنے کے بعد پیمرا تمام خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بِلا تفریق و امتیاز کارروائی کرسکے گی۔ یاد رہے کہ پیمرا نے 31 اگست 2016ءکو اعلان کیا تھا کہ پاکستان بھر میں غیر قانونی انڈین چینلز اور انڈین مواد چلنے پر بابندی ہو گی۔ مزید برآں بھارت اور پاکستان کے مابین حالیہ کشیدگی کے باعث عوام بھی پر زور مطالبہ کر رہی ہے کہ بھارتی چینلز اور ڈرامے مکمل بند کر دیئے جائیں۔ عوام کے خیال میں اس کشیدہ صورت حال میں مروجہ پیمرا قوانین پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور غیر قانونی چینلز اور غیر ملکی مواد کی نشریات مکمل طور پر روکی جائیں۔ 16 اکتوبر 2016ءسے پیمرا سیکشن30(3) کے تحت کارروائی کا آغاز کر دے گی۔ اتھارٹی کے فیصلے سے متعلق تمام لائسنس یافتگان کو بروقت مطلع کیا جاتا ہے جس کے تحت اظہارِ وجوہ کے لئے نوٹس اور سماعت/ذاتی شنوائی کا موقع فراہم کئے بغیر تادیبی کارروائی کا آغاز کیا جا سکے گا اور لائسنس معطل یا منسوخ کیا جا سکے گا۔