پاکستان امریکہ کو افغانستان کے خلاف اپنے اڈے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا، صدر ڈاکٹر عارف علوی کی ،نیشنل سیکورٹی ورکشاپ کورس کےغیرملکی شرکاء سے گفتگو

75
پاکستان امریکہ کو افغانستان کے خلاف اپنے اڈے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا، صدر ڈاکٹر عارف علوی کی ،نیشنل سیکورٹی ورکشاپ کورس کےغیرملکی شرکاء سے گفتگو

اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کو افغانستان کے خلاف اپنے اڈے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا، ہم شروع سے افغان مسئلے کے مذاکرات کے ذریعے حل کے حامی ہیں، عالمی برادری بھارت میں بلیک مارکیٹ میں یورینیم کی غیرقانونی فروخت کا سنجیدگی سے نوٹس لے، تابکار مادہ کا غلط ہاتھوں میں جانا انسانی جانوں اور اقوام کی سلامتی کو خطرے میں ڈال سکتا ہے، بین الاقوامی میڈیا کی جانب سے اتنے اہم واقعہ کو نظراندازکرنا قابل افسوس ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو ایوان صدر میں نیشنل سیکورٹی ورکشاپ کورس کےغیرملکی شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں زیر کورس 12 ممالک سے تعلق رکھنے والے فوجی افسران نے صدر مملکت سے ملاقات کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں کو اجاگر کیا اور کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کو شکست دی ہے۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 70،000 جانوں اور 150 بلین ڈالر کے معاشی نقصان کی صورت میں بھاری قیمت ادا کی ہے۔

افغانستان کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کے فروغ کے لئے سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے کیونکہ افغانستان میں امن اور استحکام سے سب سے زیادہ فائدہ افغانستان کے بعد پاکستان کو ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں طویل تنازع سے سب سے زیادہ متاثر بھی پاکستان ہوا ہے، افغانستان میں جنگ نے پاکستان کی معیشت اور سیکورٹی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان شروع سے افغان مسئلے کے مذاکرات کے ذریعے حل کا حامی رہا ہے، جنگ تنازعات کا حل نہیں ہے کیونکہ اس سے انسانی اذیت اور تکلیف میں اضافہ ہوتا ہے۔

صدر مملکت نے شرکاء کو پاکستان کی کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے کورونا میں مکمل لاک ڈاؤن نہ کرکے ہمدردانہ اور اچھا فیصلہ کیا، اس مشکل وقت میں احساس پروگرام کے تحت 1.5 کروڑسے زائد خاندانوں کو غربت اور افلاس سے بچانے کے لئے ہنگامی طور پر نقد امداد فراہم کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کورونا وبا کے خلاف علماء کرام، میڈیا اور پوری قوم کے تعاون سے کامیابی حاصل کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان درست سمت میں گامزن ہے اور علاقائی تجارت اور معاشی انضمام کے فروغ کے لئے کام کررہاہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی خصوصی جیو اقتصادی پوزیشن کو بروئے کار لاکر خطے کا جیو اقتصادی مرکز بننے جارہاہے۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کی ترقی پر توجہ مرکوز کر رہا ہے اور آئی ٹی برآمدات کے فروغ کے لئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اسی طرح علاقائی رابطہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لئے بھی چین کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔

اس موقع پر شرکاء کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ملک افغانستان کے خلاف امریکہ کو اڈے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

انہوں نے پاکستان کے دوست ممالک بالخصوص خطے کے ممالک کے ساتھ اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ شرکاء نے پاکستان کی میزبانی کی تعریف کی اور حکومت کی سماجی و اقتصادی کامیابیوں بالخصوص کورونا وبا سے نمٹنے کی کامیاب حکمت عملی کو سراہا۔