اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):سیکرٹری خارجہ سہیل محمود سے سیاسی امور کے بارے میں امریکی معاون وزیر خارجہ وکٹوریا نولینڈ نے جمعہ کو ٹیلی فونک رابطہ کیا۔بات چیت کے دوران دو طرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے کہا کہ پاکستان امریکہ کیساتھ وسیع البنیاد اور طویل المدتی دو طرفہ تعلقات مستحکم بنانے کیلئے پر عزم ہے۔
سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ امن و ترقی سے متعلق دونوں ملکوں کے مشترکہ مقاصد کو فروغ دینے کیلئے ڈھانچہ جاتی رابطے ناگزیر ہیں۔پاکستان کی جانب سے جغرافیائی معیشت پر توجہ کو اجاگر کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان اقتصادی،تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات میں اضافے کی اہمیت کا اعادہ کیا۔
سیکرٹری خارجہ نے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے زیادہ مناسب ماحول کو فروغ دینے اور کاروبار میں آسانی کو بہتر بنانے کیلئے حکومتی کوششوں کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔
علاقائی صورتحال کے حوالے سے سیکرٹری خارجہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ افغانستان میں تنازعہ کا کوئی فوجی حل ممکن نہیں۔انہوں نے افغان امن عمل کیلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔
سیکرٹری خارجہ نےکہا کہ افغانستان میں پرامن تصفیہ کی ضرورت پر پاکستان اور امریکہ کے مابین بنیادی ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔
سکریٹری خارجہ نے افغان امن مذاکرات میں تیزی لانے اور افغانستان سے غیر ملکی افواج کے ذمہ دارانہ انخلا کی اہمیت پر زور دیا۔سیکرٹری خارجہ اور نولینڈ نے باہمی دلچسپی کے تمام امور سے متعلق قریبی تعاون برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔