اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ دوستانہ اور اچھے تعلقات کا خواہاں ہے، امید ہے کہ امریکی صدارتی انتخابات کے بعد نئی ایڈمنسٹریشن بھارت کی طرح پاکستان کے ساتھ بھی اسٹریٹیجک پارٹنرشپ بنائے گی، مسئلہ کشمیر کے حوالے سے امریکہ سے زیادہ توقعات نہیں رکھ سکتے۔ بدھ کو پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں امن کیلئے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے، ہمیں امن عمل کو آگے بڑھانا ہے اور اس کیلئے نئی امریکن ایڈمنسٹریشن کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ منیر اکرم نے کہا کہ امریکہ افغانستان سے باعزت طور پر اپنی افواج کا انخلاءچاہتا ہے تاہم اس کے ساتھ ساتھ امریکہ افغانستان کے اندر اپنا اثرورسوخ رکھنے کی کوشش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور جوبائیڈن کے درمیان کانٹے دار معرکہ ہے، حتمی نتائج کے بعد امیدواروں کے درمیان تنازعہ کھڑا ہوتا ہوا نظر آ رہا ہے، امیدواروں کے سپریم کورٹ جانے، دوبارہ گنتی، ووٹنگ کو روکنے یا ووٹوں کو رد کرنے کے امکانات بھی موجود ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ہمیں امریکہ سے زیادہ توقعات نہیں رکھنی چاہییں، پاکستان کشمیریوں کی حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا اور انشاءاللہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی راہ میں بین الاقوامی طاقتیں آڑے نہیں آئیں گی۔