پاکستان امریکی سرمایہ کاروں کے لیے مثالی ملک ہے،سفیر مسعودخان

182
International Trade Commission

واشنگٹن۔17نومبر (اے پی پی):امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی منفرد جغرافیائی اور اقتصادی حیثیت اور متاثر کن آبادیاتی محل وقوع کی وجہ سے امریکی سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کے لیے ایک مثالی ملک ہے، پاکستانی نژاد امریکی تاجر اور کاروباری طبقہ ملک کی اقتصادی تبدیلی کا حصہ بنیں، پاکستان نے کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے اور کاروباری ماحول میں بہتری لانے کے لیے متعدد اقدامات کئے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس میں پاکستان امریکن چیمبر آف کامرس (پی اے سی سی) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ساتھ اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس میں ٹیکسٹائل، بینکنگ، سولر اور فن ٹیک کے شعبوں میں کام کرنے والے کاروباری افراد کے گروپ نے شرکت کی۔

پاکستانی سفیر مسعود خان نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے چیمبر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت گزشتہ سال 8.5 امریکی ڈالر سے بڑھ کر 12 بلین تک پہنچ گئی اور ٹیکنالوجی، آئی ٹی ٹورازم، معدنیاتی صنعت، تیل وگیس کی تلاش، مینوفیکچرنگ، صحت اور زراعت کے شعبوں میں اقتصادی تعاون کو مزید بڑھا کر دوطرفہ تجارت میں اضافے کے امکانات موجود ہیں ۔

انہوں نے ریاست کیلیفورنیا کے ساتھ تجارتی تعلقات کوفروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا ،جس کی جی ڈی پی 3.5 ٹریلین ڈالر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کیلیفورنیا اہم تجارتی شراکت دار ہیں ، گزشتہ سال کیلیفورنیا کیلئے پاکستان کی برآمدات 457 ملین ڈالر تھیں جبکہ پاکستان کی درآمدات 138 ملین ڈالر تھیں، جس سے پاکستان کو 319 ملین ڈالر کا سرپلس حاصل ہوا، پاکستان اور کیلیفورنیا کے درمیان تجارت کا مجموعی حجم 600 ملین امریکی ڈالر ہے جو بہت اہم ہے لیکن آئی ٹی اور عوامی خدمات کے شعبوں میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری کے پیش نظر اسے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک بڑی منڈی ہونے کے باوجود پاکستان کی معیشت کو کمزور اور کم تر سمجھا گیا، پاکستان میں 80 امریکی کمپنیاں اور انٹرپرائزز دہائیوں سے کاروبار کر رہے ہیں اور خاطر خواہ منافع کما رہے ہیں۔انہوں نے ممبران پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی معیشت پریقین رکھیں اور پاکستان میں اپنی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیں جس سے دیگر افراد کی بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی حوصلہ افزائی ہو گی۔

پاکستان میں ریگولیٹری نظاموں کے حوالے سے کاروباری افراد کے خدشات پر پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا کہ پاکستان نے کاروباری ماحول میں بہتری لانے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں جن میں ٹیکس وصولی کو معقول بنانا، حقوق املاک دانش کا نفاذ، آزاد کاروباری ویزا طریقہ کار اور سائبر قوانین کےاقدامات شامل ہیں۔ انہوں نے چیمبر کے ممبران کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ یو ایس انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن (ڈی ایف سی) اور انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کے ساتھ مل کر کام کریں جو پاکستان میں بینکاری سے منسلک منصوبوں بالخصوص متبادل توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

انہوں نے امریکی کاروباری افراد کو پاکستان میں سیلاب کے بعدتعمیر نو اور بحالی کے اقدامات میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔پاکستانی سفیر نے کیلیفورنیا میں قائم تھنک ٹینکس کے ساتھ روابط کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئےشرکا کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ تھنک ٹینکس کے ساتھ مضبوط وابستگی پیدا کریں اور پاک امریکہ مربوط تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ان کے ساتھ مل کر کام کریں۔