اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):سینٹ میں مختلف سیاسی جماعتوں کے ارکان نے کہا ہے کہ پاکستان امن پسند ملک ہے، پاکستان کے خلاف بھارت کے جارحانہ اقدامات پر منہ توڑ جواب دیں گے، عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو نوٹس لینا چاہئے، بھارت بلوچستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے۔
منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں پہلگام حملے کے بعد پاکستان کے خلاف بھارتی اقدامات اور ردعمل پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے سینیٹر ڈاکٹر افنان اﷲ نے کہاکہ بھارت پہلگام واقعہ کے بعد پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کر رہا ہے، بھارت میں مسلمانوں سمیت اقلیتوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، سندھ طاس معاہدہ ختم کرنا اور پانی روکنا بھارت کیلئے آسان نہیں، ایسی صورت میں چپ نہیں بیٹھیں گے۔
سینیٹر احمد خان نے کہاکہ پاکستان پرامن ملک ہے، کبھی جنگ کا آغاز نہیں کیا اور نہ ہی توسیع پسندانہ عزائم ہیں، دنیا اور بھارت کو واضح پیغام دیتے ہیں کہ ہم صلح جو ہیں لیکن اپنی سرحدوں کی حفاظت ہر قیمت پر کریں گے۔ سینیٹر عبدالقادر نے کہاکہ بھارت کئی دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر میں کشت و خون کا کھیل کھیل رہا ہے، عالمی برادری کو بھارتی مظالم کا نوٹس لینا چاہئے، بھارت کینیڈا سمیت بیرون ملک دہشت گردی میں ملوث ہے، بھارت نے ہمیشہ پاکستان کے خلاف کوئی موقع نہیں جانے دیا، بلوچستان میں دہشت گردی کے تانے بھارت میں ملتے ہیں۔
سینیٹر شاہ زیب درانی نے کہا کہ ہمیں موجودہ صورتحال میں اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہئے، بھارت کے بلوچستان میں دہشت گردی میں ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں۔ سینیٹر عون عباس بپی نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی ملک ہے، اگر بھارت نے حملہ کیا تو منہ توڑ جواب دیں گے، اس معاملہ پر متفقہ قرارداد منظور ہونی چاہئے، یہ ہمارے ملک اور سالمیت کا مسئلہ ہے۔ سینیٹرز ندیم بھٹو، ہدایت اﷲ، دوست محمد اور ایمل ولی خان نے بھی بحث میں حصہ لیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589721