24.9 C
Islamabad
بدھ, مئی 7, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان امن کا خواہاں،بھارت ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے،...

پاکستان امن کا خواہاں،بھارت ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے، مسلح افواج ہر قسم کی دراندازی کا دندان شکن جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں، احسن اقبال

- Advertisement -

لاہور۔6مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں،بھارت ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے، مسلح افواج ہر قسم کی دراندازی کا دندان شکن جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں،نفرت کا پرچار کرنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں امن کے فروغ اور نفرت سے پاک معاشرے کی تشکیل کیلئے کوشاں ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز یونیورسٹی آف نارووال کے زیر اہتمام ”نارووال پیس ڈائیلاگ” کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف نارووال پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس،ڈین،ڈائریکٹرز،فیکلٹی ممبران،اساتذہ،سیاسی و سماجی رہنماں،طلبہ و دیگر کی کثیر تعداد موجود تھی۔وفاقی وزیر نے کہاکہ نفرت کا پرچار کرنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں،جو نفرت پھیلاتا ہے وہ پاکستان کے نظریہ کا بھی دشمن ہے، ماضی میں نوجوان نسل میں سوشل میڈیا کے ذریعے نفرت کے بیج بوئے گئے، 2018 کے الیکشن کے وقت ہمارے خلاف نفرت پھیلائی گئی۔نفرت انگیز پیغامات سے متاثر ہو کر آج ہی کے دن 6 مئی 2018 کو ایک نوجوان نے میری جان لینے کی کوشش کی،لیکن اللہ تعالی کا فضل ہے کہ اس نے مجھے دوبارہ زندگی دی،اس نوجوان کے پستول سے نکلنے والی گولی ابھی میرے جسم میں موجود ہے،

- Advertisement -

یہ گولی مجھے روز یاد دلاتی ہے کہ ہم نے نفرت کو ختم کر کے موجودہ پاکستان کو قائد اعظم کا حقیقی پاکستان بنانا ہے۔انہوں نے کہاکہ آج کا دن میرے لیے صرف ایک تاریخ نہیں ایک احساس ہے، ایک یاد ہے، میرے جسم کو نشانہ بنایا گیا، مگر درحقیقت وہ حملہ میرے نظریہ، برداشت، اور پاکستان کے پرامن مستقبل پر تھا، لیکن میں گرا نہیں میں اٹھا، اور اس حملے کا جواب گولی سے نہیں، دعا سے دیا،میں نے امن کا علم بلند رکھا، اسی لمحے میرے دل میں ہمارے آقا حضرت محمد مصطفیٰﷺ ۖ کا فرمان گونجنے لگا کہ تم میں سے بہترین وہ ہے جو دوسروں کو سلام پہنچائے اور لوگوں کو امن دے،یہ تعلیم میرے لیے نئی زندگی کا منشور بنی، ایک ایسی زندگی جو نفرت، تقسیم، اور شدت پسندی کے خلاف ایک مسلسل جدوجہد ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام کا پیغام امن اور انسانیت اسلام ہمیں سکھاتا ہے کہ کسی قوم کی دشمنی تمہیں اس بات پر آمادہ نہ کرے کہ انصاف نہ کرو،میں نے نفرت کے مقابلے میں محبت کا چراغ جلایا کیونکہ ہم امن کے داعی ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں امن کے فروغ اور نفرت سے پاک معاشرے کی تشکیل کے لئے دن رات کوشاں ہے۔انہوں نے کہاکہ آج پاکستان کی تشریح وہ کرتے ہیں جن کا پاکستان بنانے میں کوئی کردار نہیں ہے، یہ پاکستان نفرت، شدت پسندی یا جبر کے لیے نہیں بلکہ رواداری، مساوات، اور قانون کی حکمرانی کے لئے بنا تھا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودہ حالات کے بارے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ بھارت ایک جھوٹے بیانیہ پر جنگی ماحول بنانے کی کو کوشش کر رہا ہے، آج بھارت پوری دنیا میں مذاق بن گیا ہے، آج بھارت نے جو ہندوتوا کی نفرت پیدا کی وہ اس آگ میں خود جل رہا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں پر ظلم، مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز مہمات، اور اسلامو فوبیا پر مبنی بیانات نے سیکولر بھارت کی قلعی کھول دی ہے، آج بھارت شدت پسندی کی ریاست بن چکا ہے،کبھی گا ئوکشی کے نام پر قتل، حجاب پر پابندیاں، مساجدکی بے حرمتی، نصاب سے مسلمانوں کی تاریخ کا اخراج یہ سب نہ صرف انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے،

بلکہ خطے کے امن کو خطرے میں ڈالنے والی روش ہے،بھارت کی موجودہ صورتحال خطے کے لیے خطرہ ہے، ہمیں بھارت کی موجودہ صورت حال پر بھی نظر رکھنی ہوگی، بھارت نے اگر جارحیت کی کوشش کی اگر بھارت ایک پنچ مارے گا اس کو 2 پنچ ماریں گے،وہ ہماری امن کی سوچ کو کمزوری نہ سمجھے،پاکستان کی حکومت اور مسلح افواج چوکس ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کشمیری عوام کی آزادی کے لیے ہر بین الاقوامی فورم پر آواز بلند کرتا رہے گا، مقبوضہ جموں و کشمیر میں ظلم کی ایک طویل رات جاری ہے، ہزاروں نوجوان جبری گمشدگی کا شکار ہیں،خواتین کی بے حرمتی کی گئی، سیاسی آوازیں دبا دی گئیں اور 5 اگست 2019 کو کشمیر کی خودمختاری چھین لی گئی، یہ مظالم صرف کشمیریوں کے خلاف نہیں، انسانیت کے خلاف ہیں ہم دنیا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیر کو انصاف، آزادی اور سلامتی کا حق دیا جائے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، ہم بھارت کے امن پسند شہریوں اور نوجوانوں سے کہتے ہیں ہم دشمن نہیں، ہمسایہ ہیں ہمیں نفرت نہیں، تعلقات چاہئیں لیکن یہ تعلقات عدل، برابری اور احترامِ انسانیت کی بنیاد پر ہی ممکن ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ نفرت ہمیں ترقی سے دور کرتی ہے، ہم نے ہر قیمت پر اس ملک کو آگے لے کر جانا ہے،جس کے لیے ہم نے اڑان پاکستان منصوبہ شروع کیا ہے،اس منصوبہ کے تحت پاکستان کو 2035تک ایک کھرب ڈالر کی معیشت بنائیں گے، آج اس دن پر جہاں میرے جسم پر گولی چلی تھی میں اور آپ مل کر یہ عہد کریں ہم نفرت کے بازار کو بند کریں گے،ہم برداشت، رواداری اور محبت کا پیغام دیں گے،ہم دین کو دلیل، عدل اور علم کی روشنی بنائیں گے، نفرت سے انکار، امن سے پیار کریں گے۔

وفاقی وزیر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئیے آج ہم اس شہر نارووال سے ایک امن کی تحریک شروع کریں ایسی تحریک جو فرقہ واریت کو مسترد کرے ایسی تحریک جو اقلیتوں کے تحفظ کی ضمانت دے،ایسی تحریک جو ہمسایوں کے ساتھ عزت و امن کی خواہاں ہو،انہوں نے دعا کی یا اللہ ہمیں نفرت سے بچا

،ہمیں اپنے نبی حضرت محمدﷺ ۖ کی تعلیمات پر چلنے کی توفیق دے ہمارے ملک کو اتحاد، ترقی، اور امن کا گہوارہ بنا اور مظلوم کشمیری بھائیوں کو آزادی اور انصاف عطا فرما۔قبل ازیں وائس چانسلر یونیورسٹی آف نارووال پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس نے خطبہ استقبالیہ دیا اور کانفرنس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593617

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں