نیلم/شاردہ۔30اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول کے عوام تنہا نہیں ہیں، پوری قوم، حکومت پاکستان اور پاک فوج ان کے ساتھ ہیں،ہماری خواہش امن ہے، ہندوستان نے اگر جنگ مسلط کی تو پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ بھارت کو شکست سے دوچار کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لائن آف کنٹرول کے علاقے شاردہ میں صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر کی جانب سے منعقدہ "یکجہتی کشمیر” جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر کی دعوت پر وفاقی وزیرانجنیئر امیر مقام کے نیلم کا دورہ کرنے کا مقصد لائن آف کنٹرول سے بھارت کو یہ پیغام دینا ہے کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور ان کی آزادی کیلئے آخری حد تک جائیں گے، انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کا جذبہ اور پاک فوج کی کمٹمنٹ کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی، خیبر پختونخوا کے عوام نے کشمیر کی آزادی میں اپنا کردار ادا کیا، نیلم ویلی کے عوام کا پاکستان اور پاک فوج کے ساتھ والہانہ محبت مثالی ہے، پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ بھارت کے خلاف ایک پیج پر ہے،پاکستان کی سالمیت کیلئے پوری قوم سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بھارت کے خلاف ایک ہے۔
انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے علاقوں کے عوام کے پاکستان اور افواج پاکستان کے ساتھ جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں،نیلم ویلی کے عوام کی پاکستان کے ساتھ محبت کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں،مقبوضہ کشمیر کے عوام کو 77 سالوں سے بھارت کے خلاف جدوجہد آزادی کرنے اور ان کی پاکستانیت کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پہلگام واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں، تحقیق اور ثبوت کے بغیر پاکستان پر الزام تراشی سمجھ سے بالا تر ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ہر فورم پر کشمیریوں کوحق خودارادیت دلانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا اور کشمیر کی آزادی کے موقف سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا، 05 اگست 2019ء کے بھارت کے یکطرفہ اور غیرقانونی اقدامات کو مسترد کرتے ہیں، بھارت کو کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق کشمیر کا فیصلہ کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم پرامن ہیں اور جنگ نہیں چاہتے ، اگر جنگ مسلط کی گئی تو ہمیشہ کی طرح بھارت کو شکست سے دوچار کریں گے۔ صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے آج کے "یکجہتی کشمیر” جلسے سے یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہمارے اسلاف نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر یہ خطہ آزاد کرایا ہے ،ا س کے ایک ایک انچ کا دفاع کرنے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے دریغ نہیں کریں گے ، ہم پاک فوج کے جوانوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ وہ ہماری اور سرحدی علاقوں کی حفاظت کیلئے سینہ سپر ہیں، آج سیاست کا نہیں بلکہ ریاست کو بچانے کا وقت ہے، ہندوستان کی خام خیالی ہے کہ وہ آزاد کشمیر میں پاکستان مخالف تحریک اٹھائے گا،آج ایل او سی کے علاقے سے یہ پیغام دیتے ہیں کہ اگر غلطی کی تو یہاں سے صرف لاشیں واپس جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ وادی نیلم کا بنیادی روزگار سیاحت ہے،نیلم میں سیاحت کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے، آج ہم نے آزاد کشمیر کے دور افتادہ علاقے شاردہ میں وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفرون انجینئر امیر مقام کا استقبال کرکے بھارت کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا ہے۔انہوں نے کشمیریوں کی حوصلہ افزائی کیلئے لائن آف کنٹرول کے علاقوں کے دورے پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی علاقے پہلگام کے خود ساختہ واقعہ کا صرف پانچ منٹ کے بعد بغیر ثبوت کے پاکستان پر الزام لگایا گیاجس پر پوری دنیا میں سوالات اٹھ رہے ہیں۔
سابق وزراء حکومت بیرسٹر افتخار گیلانی، پیر سید مرتضی گیلانی، مرکزی صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر خواتین ونگ مریم کشمیری و دیگر نے "یکجہتی کشمیر” جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے خود ساختہ واقعہ پہلگام کو پاکستان کے ساتھ جوڑنےپر مودی کے غیر قانونی اقدامات کی شدید مذمت کی، انہوں نے مشکل وقت میں لائن آف کنٹرول کے علاقوں میں مقیم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور بھارت کی جانب سے جنگ مسلط کرنے کی صورت میں پاک فوج کے شانہ بشانہ بھارت کو ذلت آمیز شکست سے دوچار کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ یکجہتی کشمیر جلسے میں مسلم لیگ ن کے کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590478