پاکستان انجینئرنگ کونسل ،پروفیسر ڈاکٹر سید علی رضوان کی کتاب کی تقریبِ رونمائی کا انعقاد

2
Pakistan Engineering Council

لاہور۔25جون (اے پی پی):پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی) کے زیر اہتمام معروف ماہرِ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر سید علی رضوان کی تصنیف( تھیوری آف انڈیٹرمنیٹ اسٹرکچرز )”Theory of Indeterminate Structures” کی تقریبِ رونمائی منعقد ہوئی جس میں وائس چانسلر یو ای ٹی ڈاکٹر شاہد منیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد منیر نے پروفیسر ڈاکٹر سید علی رضوان کی علمی کاوش کو سراہا اور اسے سٹرکچرل انجینئرنگ کی تعلیم میں ایک سنگِ میل قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کتاب نہ صرف مصنف کی انتھک محنت اور علمی بصیرت کا مظہر ہے بلکہ پاکستان میں انجینئرنگ کی تعلیم کے بین الاقوامی معیار کو بھی اجاگر کرتی ہے۔ مصنف ڈاکٹر سید علی رضوان نے اپنے خطاب میں کتاب کی تیاری کے دوران درپیش چیلنجز، ذاتی محرکات اور مسلسل محنت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ علمی تحریر ایک صبر آزما مگر با مقصد سفر ہے۔تقریب میں پی ای سی کے چیئرمین انجینئر وسیم نذیر،

وائس چیئرمین پنجاب پروفیسر ڈاکٹر سہیل آفتاب قریشی، مختلف جامعات کے اساتذہ اور انجینئرنگ سے وابستہ اہم شخصیات نے شرکت کی۔تقریب کا اختتام پروفیسر ڈاکٹر سید علی رضوان کی جانب سے اپنی کتاب کی علامتی پیشکش کے ساتھ ہوا،جو انہوں نے پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر کو پیش کی۔