پاکستان انجینئرنگ کونسل نے بلوچستان میں اپنا پہلا سہولت ڈیسک قائم کر دیا

166
پاکستان انجینئرنگ کونسل نے بلوچستان میں اپنا پہلا سہولت ڈیسک قائم کر دیا

اسلام آباد۔20جنوری (اے پی پی):پاکستان انجینئرنگ کونسل نے بلوچستان میں اپنا پہلا سہولت ڈیسک قائم کردیا ہے جو صوبے کی انجینئرنگ کمیونٹی کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ پیر کو پاکستان انجینئرنگ کونسل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ ڈیسک بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز (بیوٹمز) کوئٹہ میں قائم کیا گیا ہے۔

اس کا مقصد نئے انجینئرنگ گریجویٹس کو ان کے پیشہ ورانہ سفر میں مدد فراہم کرنا ہے۔ یہ پلیٹ فارم پاکستان انجینئرنگ کونسل کی اس کوشش کا حصہ ہے جس کا مقصد پاکستان میں انجینئرز کی عزت و وقار کو بڑھانا اور انہیں پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔افتتاحی تقریب کے دوران اپنے خطاب میں چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر وسیم نذیر نے کہا کہ سہولت ڈیسک کے قیام کا مقصد انجینئرز کی عزت اور وقار کو بحال کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انجینئرز قومی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ انجینئرز کے پیشہ ورانہ مقام کو بلند کرنے کی ہماری کوششیں پاکستان میں نوجوان انجینئرنگ قیادت کے مستقبل کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔ یہ ڈیسک نئے گریجویٹس کے لیے ایک منظم کیریئر پروگریشن راستہ فراہم کرے گا، جس کے ذریعے وہ وسائل اور مواقع تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔ چیئرمین پی ای سی انجینئر وسیم نذیر نے کہا کہ انجینئرنگ کونسل تعلیمی اداروں، صنعت اور پیشہ ورانہ عمل کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔

یہ سہولت ڈیسک نہ صرف نئے گریجویٹس کو فوری طور پر پیشے میں حصہ لینے کے قابل بنائے گا بلکہ انہیں ‘انجینئر’ کے باوقار خطاب کے لیے بھی تیار کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی یونیورسٹیوں میں ایسے مزید ڈیسک قائم کیے جائیں گے۔ بیوٹمز کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ نے یونیورسٹی میں پی ای سی کی جانب سے سہولت ڈیسک کے قیام کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ انجینئرنگ کونسل کا یہ سہولت ڈیسک انجینئرنگ کی صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان ایک اہم خلاء کو پر کرے گا اور تعاون کو مزید بڑھائے گا۔

اس ڈیسک کے قیام سے نہ صرف بیوٹمز یونیورسٹی کے طلبہ اور بلوچستان کی انجینئرنگ کمیونٹی کے لیے فائدہ ہوگا۔ افتتاحی تقریب میں بیوٹمز کے پرو وائس چانسلر، رجسٹرار، ڈینز، انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان اور کیو ای سی اور اوریک کے ڈائریکٹرز سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔ پاکستان انجینئرنگ کونسل کی گورننگ باڈی کے ممبران انجینئر ڈاکٹر فیض اللہ خان کاکڑ، انجینئر ڈاکٹر سجاد حسین اور انجینئر سید بشیر آغا نے بھی تقریب میں شرکت کی۔