اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):پاکستان انجینئرنگ کونسل کے زیر اہتمام چوتھی بین الاقوامی انجینئرنگ ڈینز کانفرنس 13اور 14 نومبر کو کراچی میں ہوگی۔ پاکستان انجینئرنگ کونسل کے مطابق ڈینز کانفرنس کا مقصد مختلف ممالک اور پاکستان سے انجینئرنگ اکیڈمیا کے رہنمائوں کو انڈسٹری اور اگلی دہائی کے چیلنجز کے مطابق انجینئرنگ ایجوکیشن میں نئی اصلاحات پیش کرنے کے لئے مدعو کرنا ہے۔ ڈینز کانفرنس سے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر عمر سیف کے علاوہ چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر محمد نجیب ہارون سمیت ملکی اور غیر ملکی مندوبین شرکت کریں گے۔
چوتھی بین الاقوامی انجینئرنگ ڈینز کانفرنس میں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی، چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل،انجینئرنگ ایکریڈیٹیشن ڈیپارٹمنٹ بورڈ آف انجینئرز ملائشیا کے سابق ڈائریکٹر اذلان عبدالعزیز، انجینئرز آئرلینڈ چیئر گورننگ گروپ، انٹرنیشنل انجینئرنگ الائنس اور چیئر انٹرنیشنل پروفیشنل انجینئرز ایگریمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل ڈیمین اوونس، پروفیسر الزبتھ ٹیلر، پروفیسر جوہری میگت محمد نور، پروفیسر ڈاکٹر مارک ڈائر، ڈاکٹر ناجی مہدی، پروفیسر ڈاکٹر شہباز خان، پروفیسر ڈاکٹر شہرین صاحب الدین، ڈاکٹر سہیل ایچ نقوی، پروفیسر ڈاکٹر زبیر احمد شیخ اور پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد کے علاوہ دیگر ماہرین اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔