لاہور۔3جون (اے پی پی): وزارت اطلاعات و نشریات پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے ذیلی ادارے پاکستان انفارمیشن سنٹر کے زیر اہتمام لاہور پریس کلب میں جمعہ کے روزموبائل جرنلزم کے موضوع پر دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ کے پہلے روز پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔
ورکشاپ کے پہلے روز ورچوئل یونیورسٹی کے ٹرینرز ذیشان نذیر اور اظہر سمرانے صحافیوں کو موبائل سے ویڈیو بنانے، اس کی ایڈیٹنگ کرنے سمیت تکنیکی معاملات کو بہتر انداز میں سمجھایا جبکہ مختلف موضوعات پر دوران ورکشاپ شرکا سے ویڈیوز بھی بنوائی گئیں ۔ورکشاپ کے آغاز میں ڈائریکٹر جنرل پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ لاہور سجیلہ نوید نے کہا کہ صحافیوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آگاہی ان کی اولین ترجیح ہے ۔ ان کی کوشش ہے کہ وہ اس طرح کی ورکشاپس کرواتی رہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صحافیوں کی استعداد کار میں اضافے کے لیے آنے والے دنوں میں وزارت اطلاعات و نشریات، پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے ایسے منصوبے جاری رہیں گے جبکہ ورکشاپ کا دوسرا سیشن آج ہفتہ کو ہوگا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=310384