پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن نے لاہور سے پیرس کی پروازوں کا آغاز کردیا

7

اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے لاہور سے پیرس کی پروازوں کا آغاز کردیا ، 5 سال کی مدت کے بعد پی آئی اے نے لاہور سے پیرس کا روٹ دوبارہ شروع کردیا۔ پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کی پہلی ہفتہ وار پرواز لاہور سے پیرس کے لیے دوپہر 12 بجے روانہ ہوگئی- پی کے 733 کے ذریعے 276 مسافر روانہ ہوئے۔ پی آئی اے پہلے ہی اسلام آباد سے پیرس کی ہفتہ وار دو پروازیں آپریٹ کررہی ہے

اس پرواز کے لئے بوئنگ 777 طیارہ آپریٹ کیا گیا جس کے اندرونی کیبن کی مسافروں کی سہولت کے لئے حال ہی میں از سر نو تزئین و آرائش کی گئی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے کی پیرس جانے والی پرواز کے آغاز پر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تقریب کا انقاد کیا گیا اور کیک کاٹا گیا۔ مسافروں کو پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر وائس مارشل عامر حیات، چیف آپریٹنگ افسر خرم مشتاق، فرانس ایمبیسی کے ہیڈ آف مشن فرینک آبرے اور ہوابازی کے دیگر اعلیٰ حکام نے پہلی پرواز کے مسافروں کو رخصت کیا۔