پاکستان انٹرنیشنل سیریز بیڈمنٹن ٹورنامنٹ 7 نومبر سے اسلام آباد میں شروع ہوگا

111

اسلام آباد ۔ 16 اکتوبر (اے پی پی) پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے زیراہتمام پاکستان انٹرنیشنل سیریز بیڈمنٹن ٹورنامنٹ 7 نومبر سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے روڈھم ہال، اسلام آباد میں شروع ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل واجد علی چوہدری نے اسلام آباد بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے صدر پرویز ملک کے ہمراہ جناح سٹیڈیم کے میڈیا سنٹر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا، اس موقع پر اسلام آباد بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے عہدیداران سید زاہد حسین، مجاہد خان کے علاوہ الائیڈ بیڈمنٹن اکیڈمی کے کوچ آغا سعود امجد بھی موجود تھے، واجد چوہدری نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کی تیاریاں ابھی سے شروع کر دی گئیں ہیں اور اس ٹورنامنٹ کی عالمی تنظیم نے منظوری دی ہے۔ ٹورنامنٹ میں بارہ ممالک کی ٹیموں کے کھلاڑی حصہ لیں گے جن میں میزبان پاکستان سمیت امریکہ، ملائیشیا، تھائی لینڈ، جمہوریہ چیک، موریشس، مالدیپ، ایران، عراق، کینیڈا، افغانستان اور نیپال کے کھلاڑی شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ میں چار مختلف کیٹیگریز کے مقابلے ہونگے جن میں مینز سنگلز، مینز ڈبلز، ویمنز سنگلز، ویمنز ڈبلز اور مکس ڈبلز مقابلے شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ میں دس ہزار ڈالرز کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔ ٹورنامنٹ 10نومبر تک جاری رہے گا۔