پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن نے15 ماہ کے دوران 4 جدید ایئر بس 320 طیارے اپنے بیڑ ے میں شامل کئے ، 14 ایئر بس طیاروں کی پرانی نشستیں تبدیل کیں

185
PIA

اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے 15 گزشتہ ماہ کے دوران چار جدید ایئر بس320 طیارے اپنے بیڑے میں شامل کئے، طویل عرصہ سے کھڑے 777 بوئنگ طیاروں کو بحال کیا اور پی آئی اے میں اصلاحات متعارف کرائیں۔

پی آئی اے کی 15 ماہ کی کارکردگی کے حوالے سے جاری کردہ رپورٹ میں پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے 14 ایئر بس طیاروں میں سے 11 کی خستہ حال پرانی نشستیں تبدیل کر دیں اورباقی ماندہ تین طیاروں کی نشستوں کی تبدیلی کے لئے سامان مہیا کر دیا ہے اور اگلے چند ہفتوں میں اسے بھی مکمل کر لیا جائے گا۔

لانگ رینج کے بوئنگ 777 طیارے جو پاکستان تا کینیڈا روٹ پر چل رہے ہیں ، کے کیبن کو بھی اپ گریڈ کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے گئے ہیں جس کی تکمیل ایک سال میں مکمل کر لی جائے گی۔ بوئنگ 777 طیاروں کے کیبن کی اپ گریڈیشن میں بزنس اور اکانومی کلاس کی نئی سیٹوں کی تنصیب، کیبن اور ان فلائیٹ انٹر ٹینمنٹ سسٹم تبدیل کیا جائے گا۔

ان فلائیٹ انٹر ٹینمنٹ سروس کے منصوبے کو تکمیل تک پہنچا دیا گیا ہے اور چند ہفتوں میں تمام ملکی اور غیر ملکی پروازوں پر متعارف کرا دیا جائے گا۔ دوران پرواز کھانوں کے معیار اور کیبن میں صفائی کے نظام کو بہتر بنایا گیاہے اور فضائی میزبانوں کو ریفریشر کورسز بھی کرائے گئے ہیں۔