پاکستان انڈر 19 نے بنگلہ دیش کو پانچویں یوتھ ون ڈے میچ میں شکست دے کر سیریز1-4ے اپنے نام کرلی

193
پاکستان انڈر 19 نے بنگلہ دیش کو پانچویں یوتھ ون ڈے میچ میں شکست دے کر سیریز1-4ے اپنے نام کرلی

راجشاہی۔15مئی (اے پی پی):پاکستان انڈر 19 نے بنگلہ دیش کو پانچویں یوتھ ون ڈے میچ میں 80 رنز سے شکست دے کر سیریز 4-1سے اپنے نام کرلی، پاکستان انڈر 19کے 245 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش انڈر 19 ٹیم 37ویں اوور میں 164 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی، حمزہ نواز کو 72 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

پیر کو شاہد قمر الزمان سٹیڈیم راجشاہی میں کھیلے گئے پانچویں یوتھ ون ڈے میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان انڈر 19 نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز بنائے، اوپنرز اذان اویس اور شاہ زیب خان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 88 رنز بنائے۔ شاہ زیب خان 67 اور اذان 41 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔

اس کے بعد دو وکٹیں یکے بعد دیگرے گر گئیں جب وہاج ریاض 3 اور کپتان سعد بیگ 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد حمزہ نواز نے عرفات منہاس کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا۔ حمزہ نواز 72 اور عرفات 40 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش کی طرف سے محفوظ الرحمان ربی نے 42 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اکانتو شیخ نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

پاکستان انڈر 19کے 245 رنز کے ہدف کے جواب میں بنگلہ دیشی انڈر 19ٹیم 37ویں اوور میں 164 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ کپتان احرار امین 53 اور محمد شہاب جیمز 56 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ ان کے علاوہ دیگر کوئی بیٹر قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔ پاکستان انڈر 19 کے بائولر علی اسفند اور عرفات منہاس نے 3,3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سجاد علی نے دو اور وہاج ریاض نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس طرح پاکستان ٹیم نے میچ میں 88 رنز سے فتح حاصل کرکے سیریز 4-1سے اپنے نام کرلی۔