اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):پاکستان ٹینس فیڈریشن نےکہا ہے کہ پاکستان انڈر14ٹینس ٹیم کے ٹرائلز5 سے 7 دسمبر تک کامیابی سے منعقد کئے گئے ۔پیرکو پاکستان ٹینس فیڈریشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹرائلز میں کامیاب ہونے والے کھلاڑی انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی ایشیئن14اینڈیو ڈویلپمنٹ چیمپئن شپ میں شرکت کریں گے۔
مذکورہ چیمپئن شپ جو کہ 9 سے 19 جنوری 2023 تک بنگلہ دیش جبکہ ایشیا اوشنیا ڈبلیو جے ٹی اینڈ اور یو ٹیم کوالیفائنگ ایونٹ 6 سے 11فروری2023 تک سری لنکا میں منعقد ہوگا۔ مجموعی طور پر7 کھلاڑیوں کو ٹرائلز کےلئے مدعوکیا گیا تھا اور 3 دن کے ٹرائلز کے بعد 4 کھلاڑیوں کو منتخب کیا گیا۔ ان کھلاڑیوں میں حمزہ رومان، ابوبکر طلحہ امیر محمد خان مزاری اور نبیل علی قیوم شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ٹرائلز میں چوتھے نمبر پر رہنے والے کھلاڑی نبیل علی قیوم ڈبلیو جے ٹی ایونٹ کے ریزرو کھلاڑی ہونگے۔ ٹورنامنٹ کے قواعد و ضوابط کے مطابق سرفہرست دو کھلاڑی بنگلہ دیش میں شرکت کریں گے اور ان کے ساتھ تجربہ کار سرٹیفائیڈ کوچ خالد محمود خان بھی ہوں گے جب کہ ٹاپ تھری کھلاڑی سری لنکا میں شرکت کریں گے۔