پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

188

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے برادر مسلم ملک انڈونیشیا کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کرتےہوئے کہا ہے کہ پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پیرکو سینیٹ سیکرٹریٹ کی طرف سے جار ی بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ سے پاکستان میں انڈونیشیا کے سفیرایڈم ٹوگیو نےپارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں تجارت اور سرمایہ کاری پر خصوصی توجہ کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعاون کو بڑھانے کےعزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ نے مسلم برادر ملک انڈونیشیا کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور دونوں ممالک باہمی مفادات کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ ملاقات میں مختلف شعبوں بالخصوص تجارت ،ثقافت، سیاحت کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر زور دیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ماحول کو سازگار قراردیتےہوئے کہا کہ انڈونیشیا کے بزنس مین پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے اور پارلیمانی روابط کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ اقتصادی سفارتکاری کو بھی فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔فریقین نے فلسطین کی حالیہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے حل پر زور دیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عالمی طاقتیں اسرائیل پر دبائو ڈالیں کہ وہ معصوم فلسطینیوں کی نسل کشی بند کرے۔ انہوں نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے مسلم ممالک کے درمیان اتحاد و اتفاق انتہائی ضروری ہے، ملکر اس چیلنج پر بخوبی قابو پایا جا سکتا ہے۔ ملاقات میں انڈونیشیا کے سفیرایڈم ٹوگیو نے کہا کہ انڈونیشیا ، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہم سمجھتا ہے۔

پاکستان کی خطے میں امن کیلئے کوششیں قابل تعریف ہیں۔انڈونیشیا مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔