پاکستان اورامریکاکاتجارتی معاہدے کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کے لیے تعمیری انداز میں مذاکرات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

14
پاکستان اورامریکاکاتجارتی معاہدے کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کے لیے تعمیری انداز میں مذاکرات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):پاکستان اورامریکانے تجارتی معاہدے کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کے لیے تعمیری انداز میں مذاکرات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے منگل کویہاں جاری بیان کے مطابق اس عزم کااعادہ وزیرخزانہ سینیٹرمحمداورنگزیب اورامریکا کے وزیرتجارت ہاورڈ لٹ نک کے درمیان ورچوئل بات چیت کے دوران کیاگیا،دونوں وزراء کی یہ بات چیت پاکستان اور امریکہ کے درمیان باہمی محصولات پر جاری مذاکرات کے سلسلے میں ہوئی۔

فریقین نے باہمی مفاد میں تجارتی معاہدے کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کے لیے تعمیری انداز میں مذاکرات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس بات پر اتفاق ہوا کہ آئندہ دنوں میں تکنیکی سطح پر مزید تفصیلی بات چیت ایک متفقہ روڈ میپ کی بنیاد پر کی جائے گی۔ فریقین کی جانب سے مذاکرات کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے اعتماد اور عزم کا اظہار کیا گیا۔