پاکستان اوراٹلی کے درمیان فاضل تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے مہینہ میں اضافہ

94
پاکستان اوراٹلی کے درمیان فاضل تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے مہینہ میں اضافہ
پاکستان اوراٹلی کے درمیان فاضل تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے مہینہ میں اضافہ

اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):پاکستان اوراٹلی کے درمیان فاضل تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے مہینہ میں اضافہ ہواہے، مالی سال کے پہلے مہینہ میں اٹلی کوپاکستان کی برآمدات میں 9.37 فیصدکی کمی ہوئی ہے، مالی سال کے پہلے مہینہ میں اٹلی سے درآمدات میں 114 فیصدکی نمایاں کمی ہوئی۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی میں اٹلی کوبرآمدات سے ملک کو96.27 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ سال جولائی کے مقابلہ میں 9.37 فیصدکم ہے، گزشتہ سال جولائی میں اٹلی کوبرآمدات سے ملک کو105.30 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا، جون کے مقابلہ میں جولائی میں اٹلی کوملکی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پرمعمولی کمی ہوئی ہے۔

جون میں اٹلی کوملکی برآمدات کاحجم 98.60 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوجولائی میں کم ہوکر96.27 ملین ڈالرہوگیا، مالی سال 2023 میں اٹلی کو برآمدات سے ملک کو1.151 ارب ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہوا تھا جومالی سال 2022 میں 1.087 ارب ڈالرتھا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے مہینہ میں اٹلی سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر114 فیصدکی کمی ہوئی ہے، جولائی میں اٹلی سے درآمدات کاحجم 33.90 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ سال جولائی میں 72.41 ملین ڈالرتھا،

جون کے مقابلہ میں جولائی میں اٹلی سے درآمدات میں ماہانہ بنیادوں پراضافہ ریکارڈکیاگیاہے، جون میں اٹلی سے درآمدات پر32.12 ملین ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواجو جولائی میں بڑھ کر33.90 ملین ڈالرہوگیا، مالی سال 2023 میں اٹلی سے 526.93 ملین ڈالرمالیت کی درآمدات ریکارڈکی گئیں جومالی سال 2022 میں 770.43 ملین ڈالرتھی۔