اسلام آباد۔8فروری (اے پی پی):پاکستان اوربنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں نمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے، پہلی ششماہی میں بنگلہ دیش کو پاکستان کی برآمدات میں 45.63 فیصد جبکہ بنگلہ دیش سے درآمدات میں 38.98 فیصدکی نموہوئی ہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں بنگلہ دیش کوپاکستانی برآمدات کاحجم 399.40 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 45.63 فیصدزیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں بنگلہ دیش کوبرآمدات سے ملک کو274.24 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔
اعدادوشمارکے مطابق دسمبرمیں بنگلہ دیش کوپاکستان کی برآمدات کاحجم 82.74 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جو دسمبر2020 کے مقابلہ میں 52.01 فیصدزیادہ ہے، دسمبر2020 میں بنگلہ دیش کوبرآمدات سے ملک کو54.43ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔مالی سال 2021 میں بنگلہ دیش کو616.10 ملین ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئی تھیں۔سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں بنگلہ دیش کو درآمدات میں 38.98 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔
جولائی سے لیکردسمبرتک کی مدت میں بنگلہ دیش سے درآمدات کاحجم 50.66 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 36.45 ملین ڈالرتھا۔ دسمبر2021 میں بنگلہ دیش سے 11.85 ملین ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئی جو دسمبر2020میں 8.42 ملین ڈالرتھیں۔مالی سال 2021 میں بنگلہ دیش سے درآمدات کاحجم 76.13 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔