پاکستان اورترکیہ کے درمیان تجارت کے حجم میں اضافہ ، ترکیہ کوپاکستانی برآمدات میں 8 فیصد، درآمدات میں 4.35 فیصد نمو

163

اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):پاکستان اورترکیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے دوران اضافہ ریکارڈکیاگیاہے، مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں ترکیہ کوپاکستانی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر8 فیصد اوردرآمدات میں 4.35 فیصدکی نموہوئی ہے۔

سٹیٹ بینک اورپاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں ترکیہ کو برآمدات سے ملک کو259.59ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 8فیصدزیادہ ہے،

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ترکیہ کوبرآمدات سے ملک کو240.41 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا، مارچ میں ترکیہ کو برآمدات کاحجم 26.70 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاجوفروری میں 28.19 ملین ڈالر اورگزشتہ سال مارچ میں 33.16 ملین ڈالرتھا، مالی سال 2023 میں ترکیہ کو323.39 ملین ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئی تھیں۔

اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 9ماہ میں ترکیہ سے درآمدات پر381.58 ملین ڈالرزرمبادلہ خرچ ہوا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 4.35 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ترکیہ سے درآمدات پر365.65 ملین ڈالرکازرمبادلہ خرچ ہواتھا،

مارچ میں ترکیہ سے درآمدات کاحجم 47.92 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوفروری میں 45.35 ملین ڈالراورگزشتہ سال مارچ میں 31.46 ملین ڈالرتھا، مالی سال 2023 میں ترکیہ سے درآمدات کاحجم 477.59 ملین ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہواتھا۔