اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):پاکستان اورجرمنی کے درمیان علاقائی انفراسٹرکچر فنڈ ٹو خیبرپختونخوا برائے ریزلیئنٹ ریسورس منیجمنٹ ان سیٹیز پراجیکٹ پردستخط ہوگئے۔پراجیکٹ پر دستخط وزارت اقتصادی امورمیں ہوئے۔
پراجیکٹ کے تحت جرمنی کی حکومت اور کے ایف ڈبلیو بینک کمیونٹی کے بنیادی ڈھانچہ، خدمات کی فراہمی میں بہتری، شہریوں کی شراکت داری اورصوبہ کے دو اضلاع میں مشاورتی خدمات میں سرمایہ کاری میں معاونت فراہم کریں گے۔
جرمن ترقیاتی ادارہ کے ڈائریکٹر نے اس موقع پربتایا کہ کے ایف ڈبلیو حکومت پاکستان کے ساتھ اسلوب حکمرانی میں بہتری کیلئے معاونت فراہم کر رہا ہے،ان کوششوں سے ملک کی مستحق کمیونٹیز میں لوگوں کے معیار زندگی میں مثبت اور پائیدار اثرات مرتب ہوں گے۔
پراجیکٹ کے تحت منتخب تحصیل ٹائونز میں پانی اور ٹھوس کچرے کو ٹھکانے لگانے کے مربوط، پائیدار اور کثیرالجہتی نظام قائم کئے جائیں گے۔