اسلام آباد۔19مارچ (اے پی پی):پاکستان اورقطرنے ٹیکس اور کسٹمز کے شعبہ میں باہمی تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے سے اتفاق کیاہے۔یہ اتفاق رائے پاکستان میں تعینات قطر کے سفیر شیخ سعود عبدالرحمان الثانی اورچئیرمین ایف بی آر محمد جاوید غنی کے درمیان ایف بی آر ہیڈکوارٹر میں ملاقات میں ہوا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان ٹیکس اور کسٹمز کے شعبہ میں باہمی تعاون کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کسٹمز اور ٹیکس سے متعلق باہمی تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے کے لئے اقدامات اٹھائیں گے۔ دونوں ممالک کے متعلقہ ادارے ایک دوسرے کے بہترین تجربات سے استفادہ کریں گے اور اشتراک کو وسعت دیں گے جس سے دو طرفہ تجارت کو بھی فروغ ملے گا۔
چیئرمین ایف بی آر نے قطر کے سفیر کو محصولات میں اضافہ اور ٹیکس گزاروں کی سہولت کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ قطرکے سفیر نے رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں ہدف سے زائد ریوینواکٹھا کرنے پر چئیرمین ایف بی آر کو مبارک باد دی اور امید ظاہر کی کہ ایف بی آر سال کا مقر ر کردہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔