اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):پاکستان اورمشرقی افریقہ کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔ مالی سا ل کے پہلے 10 ماہ میں مشرقی افریقہ کاپاکستان کی برآمدات میں 31.19 فیصد اوران ممالک سے درآمدات میں 34 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں مشرقی افریقہ کے ممالک کینیا، ماریشئیس تنزانیہ اورخطہ کے دیگرممالک کوپاکستان کی برآمدات کاحجم 528.08 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 31.19 فیصدزیادہ ہے،
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مشرقی افریقہ کے ممالک کوبرآمدات سے ملک کو402.51 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا، اپریل 2022 میں خطہ کے ممالک کوپاکستان کی برآمدات کاحجم 66.38 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جومارچ میں 59.25 ملین ڈالراورگزشتہ سال اپریل میں 39.56 ملین ڈالرتھا، مالی سال 2021 میں مشرقی افریقہ کے ممالک کوبرآمدات سے ملک کو495.95 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔
سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے دوران مشرقی افریقہ سے درآمدات میں گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں 34 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے، جولائی سے اپریل تک کی مدت میں مشرقی افریقہ سے 643.48 ملین ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 495.16 ملین ڈالرتھیں۔
اپریل میں مشرقی افریقہ سے درآمدات کاحجم 71.30 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جومارچ میں 82.44 ملین ڈالر اورگزشتہ سال اپریل میں 50.80 ملین ڈالرتھا۔ مالی سال 2021 میں مشرقی افریقہ سے درآمدات کاحجم 576.84 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔