اسلام آباد۔9جنوری (اے پی پی): پاکستان اورمشرقی یورپ کے درمیان فاضل تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں سالانہ بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، ا س مدت میں روس ، ہنگری ، رومانیہ ، یوکرین اورخطے کے دیگرممالک کو پاکستانی برآمدات میں 7.12فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اس کے برعکس ان ممالک سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر138 کی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔سٹیٹ بینک اور پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں مشرقی یورپ کے ممالک کو برآمدات سے ملک کو284.53 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 7.12فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مشرقی یورپ کے ممالک کو304.81 ملین ڈالرکی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔ نومبر میں مشرقی یورپ کے ممالک کو56.39 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جو اکتوبرمیں 54.63 اور گزشتہ سال نومبر میں 61.53ملین ڈالرتھیں۔ مالی سال 2022 میں مشرقی یورپ کے ممالک کو 757.84 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔اعدادوشمارکےمطابق جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں مشرقی یورپ کے ممالک سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر138 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے نومبرتک کی مدت میں مشرقی یورپ کے ممالک سے درآمدات کا حجم 266.60ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اس مدت میں 634.40ملین ڈالرتھا۔ نومبرمیں مشرقی یورپ کے ممالک سے 46.22ملین ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئیں جو اکتوبرمیں 25.89ملین ڈالر اورگزشتہ سال نومبر میں 225.93ملین ڈالر تھیں۔مالی سال 2022میں خطے کے ممالک سے 1.294ارب ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔\395\932