پاکستان اورمغربی ایشیا ئی ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جولائی کے دوران اضافہ ہوا،سٹیٹ بینک

154
State Bank
State Bank

اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):پاکستان اورمغربی ایشیا کے ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جولائی کے دوران اضافہ ریکارڈکیاگیا، جولائی میں ان ممالک کو برآمدات میں سالانہ بنیاد پر38.55فیصد اوران سے درآمدات میں 38.017فیصداضافہ ہوا۔ سٹیٹ بینک کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی 2024 میں سعودی عرب،یواے ای، کویت،بحرین اورمغربی ایشیا کے دیگرممالک کوبرآمدات سے ملک کو372.89ملین ڈالرزرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ سال جولائی کے مقابلے میں 38.55فیصدزیادہ ہے

،گزشتہ سال جولائی میں مغربی ایشیا کے ممالک کوبرآمدات سے ملک کو269.13ملین ڈالرزرمبادلہ حاصل ہواتھا۔جون کے مقابلے میں جولائی میں مغربی ایشیا ئی ممالک کوپاکستان کی برآمدات میں ماہانہ بنیاد پراضافہ ہوا،جون میں ان ممالک کوپاکستان کی برآمدات کاحجم 336.98ملین ڈالرریکارڈکیاگیا ۔مالی سال 2024میں مغربی ایشیا کے ممالک کوبرآمدات سے 3.947ارب ڈالرزرمبادلہ حاصل ہواتھا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق جولائی 2024میں سعودی عرب،یواے ای، کویت،بحرین اورمغربی ایشیاء کے دیگرممالک سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر38.017فیصدکااضافہ ہواہے، جولائی میں مغربی ایشیا کے ممالک سے درآمدات پر1.466ارب ڈالرکازرمبادلہ خرچ ہواجو جون میں 1.638 ارب ڈالر اورگزشتہ سال جولائی میں 1.062ارب ڈالرتھا۔مالی سال 2024 میں مغربی ایشیاء کے ممالک سے درآمدات کامجموعی حجم 17.51ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔