اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):پاکستان اورچین نے کورونا ویکسین کی5 لاکھ خوراکیں عطیہ کرنے کے گرانٹ معاہدہ پردستخط کردئیے جبکہ وفاقی وزیراقتصادی امورعمرایوب خان نے کہاہے کہ چین کی جانب سے کورونا اور ٹڈی دل سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو امداداور تعاون کی فراہمی قابل ستائش ہے،پاکستان سی پیک پر مامور چینی ورکرز کے تحفظ کو یقینی بنائے گا۔ گرانٹ معاہدے پردستخطوں کی تقریب پیرکویہاں منعقد ہوئی اس موقع پروفاقی وزیراقتصادی امورعمرایوب خان اورپاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ بھی موجودتھے جنہوں نے گرانٹ معاہدے پردستخط کرنے کی تقریب ملاحظہ کی۔اس موقع پروفاقی وزیرنے کہاکہ چین پاکستان کاآزمودہ دوست ہے اورچین نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ چین کیطرف سے کورونا ویکسین کیلئے گرانٹ کی فراہمی پر ہم شکرگزارہیں، اس ویکسین کی فراہمی سے خطرناک وائرس سے انسانی زندگیوں کو بچانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ کورونا اور ٹڈی دل سے نمٹنے کیلئے چین کی جانب سے پاکستان کے ساتھ مسلسل تعاون قابل ستائش ہے۔وفاقی وزیر نے چینی سفیر سے دو طرفہ ملاقات بھی کی جس میں دوطرفہ دلچسپی کے امورپرگفتگوہوئی۔
چینی سفیرنے وفاقی وزیر عمر ایوب کو وزارت اقتصادی امور کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اوران کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، ملاقات میں پاک چین اقتصادی تعاون اورسی پیک سے متعلق امورپرگفتگو بھی ہوئی۔ وفاقی وزیرنے کہاکہ سی پیک پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کامنصوبہ ہے اوراس منصوبہ پر مامور چینی ورکرز کے تحفظ کو یقینی بنایا جائیگا۔چین کے سفیرنے کہاکہ چین پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کے منصوبوں پر کام جاری رکھے گا۔انہوں نے کہاکہ چین پاکستان کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن مددکررہاہے اورتعاون کایہ سلسلہ جاری رہے گا۔