اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):وزیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین نے کہاہے کہ پاکستان اورچین کے درمیان دیرینہ، وسیع البنیاد اورکثیرالجہتی تعلقات قایم ہیں، پاکستان کی حکومت چینی کمپنیوں کومکمل معاونت اورسہولیات فراہم کرے گی تاکہ ملک میں طویل المیعاد اورپائیدارسرمایہ کاری کویقینی بنایا جاسکے، اس سے نہ صرف اقتصادی بڑھوتری میں مددملے گی بلکہ ملک میں امن اورخوشحالی بھی آئیگی۔
انہوں نے ان خیالات کااظہارپیرکویہاں پاکستان میں چین کے سفیرنونگ رونگ سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی، وزیرخزانہ نے چینی سفیرکاگرمجوشی سے استقبال کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اورچین کے درمیان دیرینہ، وسیع البنیاد اورکثیرالجہتی تعلقات قایم ہیں۔ انہوں نے چین کے ساتھ اقتصادی تعلقات کومزید تقویت دینے کے حکومتی عزم کااعادہ کیا، وزیرخزانہ نے چینی سفیرکونئے مالی سال کے وفاقی بجٹ میں جامع وپائیداراقتصادی بڑھوتری کیلئے اٹھائے جانیوالے اقدامات سے آگاہ کیا اوراس امید کااظہارکیا کہ نہ صرف چینی حکومت بلکہ چینی تاجر اورسرمایہ کار بھی پاکستان میں مالیات، صنعت اورزرعی ترقی کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں اضافہ کریں گے۔
ملاقات میں پائیداراقتصادی ترقی کیلئے دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات کواگلے مراحل تک لیجانے سے اتفاق کیا۔وزیرخزانہ نے چینی سفیرکوبتایا کہ برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، انہوں نے بالخصوص بجٹ تجاویز کاحوالہ دیا اورکہاکہ اس سے طویل عرصہ تک برآمدات میں اضافہ ہوگا اوراقتصادی بڑھوتری کی راہ ہموارہوگی۔ چینی سفیر نے وزیرخزانہ کوسی پیک سے متعلق منصوبوں میں چینی سرمایہ کاری میں پیش رفت سے آگاہ کیا۔
انہوں نے چین کی حکومت کی جانب سے پاکستان میں تمام شعبوں میں زیادہ چینی سرمایہ کاری کی خواہش سے بھی آگاہ کیا تاکہ ملک اقتصادی طورپرمضبوط ہوں۔چینی سفیرنے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں آنیوالی رکاوٹوں کودورکرنے کے چینی حکومت کے عزم کابھی اعادہ کیا۔
وزیرخزانہ نے دونوں برادرممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کوفروغ دینے کیلئے حکومت پاکستان کی جانب سے مکمل معاونت کا یقین دلایا،انہوں نے کہاکہ پاکستان کی حکومت چینی کمپنیوں کومکمل معاونت اورسہولیات فراہم کرے گی تاکہ ملک میں طویل المیعاد اورپائیدارسرمایہ کاری کویقینی بنایا جاسکے، اس سے نہ صرف اقتصادی بڑھوتری میں مددملیگی بلکہ ملک میں امن اورخوشحالی بھی آئیگی۔وزیرخزانہ نے پورے خطہ کی ترقی کی ضرورت پرزوردیا اورکہاکہ اس ضمن میں پاکستان اپنا کرداراداکرنے کیلئے تیارہے۔ملاقات میں دونوں فریقوں نے جاری منصوبوں کوبرق رفتاری سے مکمل کرنے کیلئے باقاعدہ بنیادوں پرجائزہ میٹنگز کے انعقادسے اتفاق کیا۔