لاہور۔15دسمبر (اے پی پی):پاک برطانیہ جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین اور پاکستان فرنیچر کونسل کے سی ای او میاں کاشف اشفاق نے پاکستان اور یورپی یونین بزنس فورم کا کامیاب آغاز کرنے کیلئے ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ کے دانشمندانہ فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے پاکستان اور یورپی ممالک کے درمیان برآمدات کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے یہ بات پاک برٹش فرینڈشپ کونسل نارتھ ویسٹ چیپٹر برطانیہ کے صدر محمد ارباب خان کی قیادت میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے اتوار کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد پاکستان اور یورپی یونین کے رکن ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانا اور ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینا ہے، فورم کے قیام کا اہم مقصد تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون میں جی ایس پی پلس(جنرلائزڈ سسٹم آف پریفرنسز پلس)کا موثر استعمال ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ فورم پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان مضبوط کاروباری تعلقات اور خاص طور پر مشرقی یورپ میں نئی مارکیٹوں کی تلاش پر توجہ مرکوز کرے گا۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ فورم پاکستان میں یورپی یونین کے وفود کے ساتھ ملاقاتوں، اقتصادی سرگرمیوں، معلومات کے تبادلے اور تجارت و سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کے قیام کے لیے بھی کام کرے گا،
فورم تجارتی اور اقتصادی تعاون کے نئے مواقع کی تلاش کے لیے مارکیٹ ریسرچ کرے گا اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کو اس ضمن میں رہنمائی و آگاہی فراہم کرے گا۔