اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 7 ارب ڈالر کیلئے سٹاف لیول معاہدہ معیشت کیلئے خوش آئند ہے،
پاکستان کی معیشت کو ڈیپ سٹرکچرل ریفامز کی ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار چیمبر آف کامرس کے صدر احسن ظفر بختاوری نے ہفتہ کے روز آئی ایم ایف اور پاکستان کے مابین سٹاف لیول معاہدے کے موقع پر کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی مسائل کا حل سرمایہ کاری اور برآمدات کے فروغ میں ہے۔حکومت کاروبار دوست ماحول کیلئے بزنس کمیونٹی کے ساتھ مل کر کام کرے۔
انہوں نے کہا کہ قرضوں کے جال سے نکلنے اور معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے اصلاحات کا آغاز کیا جائے، معاشی اصلاحات کے عمل میں تیزی لانے کے ساتھ ساتھ نجکاری کے عمل کی فوری تکمیل کی جائے۔حکومت ٹیکس کی شرح بڑھانے کے بجائے ٹیکس نیٹ میں اضافے پر کام کرے۔انہوں نے کہا کہ حکومت گردشی قرضوں کے خاتمے کیلئے قابل عمل پالیسی پر کام شروع کرے۔