پاکستان اور آذربائیجان کا موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے اور پائیدار اربن پلاننگ کی منصوبہ بندی کیلئے ملکر کام کرنے پر اتفاق

105
محمد سمیع سعید

اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اور آذربائیجان نے موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے اور پائیدار اربن پلاننگ کی منصوبہ بندی کیلئے ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ اتفاق نگران وفاقی وزیر منصوبہ بندی برائے ترقی اور خصوصی اقدامات محمد سمیع سعید اور چیئرمین سٹیٹ کمیٹی برائے اربن پلاننگ اور تعمیرات آذربائیجان انار گلییف کے درمیان ملاقات کے دوران اتوار کو آذربائیجان میں کیا گیا۔نگران وزیر منصوبہ بندی دوسرے آذربائیجان نیشنل اربن فورم اور عالمی یوم ہیبی ٹیٹ 2023 پر حکومت آذربائیجان کہ دعوت پر خصوصی طور پر سرکاری دورے پر ہیں۔

اپنے ہم منصب کے ساتھ ملاقات کے دوران وفاقی وزیرمحمد سمیع سعید نے آذربائیجان کے متاثرہ علاقوں میں شہری منصوبہ بندی اور فن تعمیر کی ریاستی کمیٹی کی جانب سے کی گئی بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں کو سراہا۔دونوں فریقین نے باہمی طور پر تسلیم کیا کہ شہری منصوبہ بندی ایک حقیقی چیلنج ہے اور بین الاقوامی تجربات سے سیکھتے ہوئے آگے بڑھنے کا اجتماعی راستہ نکالنے کے لیے آذربائیجان نیشنل اربن جیسے فورمز کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال پہلا نیشنل اربن فورم آذربائیجان کے شہر آغدام میں منعقد ہوا تھا جو کہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا تھا اور اب وہاں بھی بڑی تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ دوسرا فورم زنگیلان میں منعقد کیا جا رہا ہے جس کی اب مکمل طور پر آذربائیجان کے علاقے کاراباخ کے ساتھ تعمیر نو کی جا رہی ہے۔دونوں فریقین نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا ہے تاکہ دونوں ممالک کے عوام کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے مشترکہ حکمت عملی تلاش کی جائے۔ ملاقات کے دوران پاکستان کے نگران وزیر منصوبہ بندی نے پاکستان کے سیلاب 2022 کے لیے حال ہی میں شروع کیے گئے لچکدار، بحالی اور تعمیر نو کے فریم ورک (4RF) پر روشنی ڈالی جو ایک لچکدار انفراسٹرکچر بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔