اسلام آباد۔24جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان ایل این جی معاہدہ سے ملک میں گیس کی قلت کو کم کرنے اور عوام اور صنعت کو ریلیف فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
پیرکو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ آج پاکستان اور آذربائیجان کے دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے، ہماری متعلقہ وزارتوں نے آج ایک ایل این جی معاہدے پر دستخط کیے ہیں تاکہ ایک سال کی مدت کے لیے ہر ماہ ایک ایل این جی کارگو حاصل کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اس معاہدہ سے ملک میں گیس کی قلت کو کم کرنے اور عوام اور صنعت کو ریلیف فراہم کرنے میں مددملے گی، پاکستان کے لیے سازگار شرائط پر اس معاہدے کو حتمی شکل دینے میں آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی حمایت پر ان کا شکر گزار ہوں، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک اور ان کی ٹیم کی محنت کو سراہتا ہوں، عوامی خدمت کے ان کے عزم کے بغیر یہ معاہدہ مختصر ترین مدت میں ممکن نہ تھا۔