اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):پاکستان اور آذربائیجان نے دو طرفہ تجارت، زراعت، تعلیم، صنعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔یہ اتفاق بدھ کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے آذربائیجان کے ہم منصب جیہون بیراموف کے مابین وزارتِ خارجہ میں ملاقات کے دوران پایا گیا۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے آذربائیجان کے سرحدی علاقوں کو آرمینیا کے ناجائز قبضہ سے واگزار کروانے پر آذربائیجان کے وزیر خارجہ کو مبارکباد دی۔آذربائیجان کے وزیر خارجہ نے آذربائیجان اور آرمینیا کے مابین حالیہ سرحدی تنازعہ میں آذربائیجان کی بھرپور حمایت پر پاکستان کی قیادت اور وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور آذربائیجان کے مابین دو طرفہ تجارت، زراعت، تعلیم، صنعت اور ٹیکنالوجی کے شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا