پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز 22 مارچ سے یو اے ای میں شروع ہوگی، پاکستان کی سیریز میں کامیابی کی صورت میں عالمی درجہ بندی میں ایک درجہ ترقی ہو سکتی ہے

100

لاہور ۔ 14 مارچ (اے پی پی) پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سیریز 22 مارچ سے یو اے ای میں شروع ہوگی۔ شعیب ملک کی کپتانی میں 16 رکنی ٹیم 18 مارچ کو یو اے ای روانہ ہوگی۔ اعلان کردہ ٹیم میں شان مسعود، امام الحق، عابد علی، حارث سہیل، سعد علی، عمر اکمل، شعیب ملک کپتان، محمد رضوان، عماد وسیم، یاسر شاہ، محمد عباس، محمد عامر، جنید خان، فہیم اشرف، عثمان شنواری اور محمد حسین شامل ہیں۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان متحدہ عرب امارات میں شیڈول ون ڈے سیریز کے دوران آئی سی سی رینکنگ میں پانچویں اور چھٹی پوزیشن کا بھی مقابلہ ہوگا۔ پاکستان اگر ون ڈے سیریز جیت گیا تو وہ عالمی درجہ بندی میں ایک درجہ ترقی کے بعد پانچویں پوزیشن پر پہنچ جاے گا۔ پاکستان اس وقت ون ڈے رینکنگ میں چھٹی پوزیشن پر ہے۔ پاکستان کے سیریز میں ہارنے کی صورت اس کی رینکنگ پر کوئی فرق نہیں پڑے گا تاہم رینکنگ کے پوائنٹس کم ہوجائینگے۔ آسٹریلیا کے خلاف پانچ ون ڈے میچز 22، 24، 27، 29 اور 31 مارچ کو یو اے ای میں کھیلے جائینگے ۔ ٹیم 18مارچ کو یو اے ای روانہ ہوگی۔ آسٹریلیا کی ٹیم جمعہ کے روز یو اے ای پہنچے گی۔ سرفراز احمد کو ریسٹ دے کر شعیب ملک کو ٹیم کی کپتانی دی گئی ہے اور شعیب ملک کی کوشش ہوگی کہ یو اے ای کی کنڈیشز سے فائدہ اٹھا کر آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز جیتیں۔